ساؤتھ ہیمپٹن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ نے بہترین بیٹنگ اور باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں تیسری فتح حاصل کر لی۔ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جا رہے ورلڈ کپ کے 19ویں میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور میچ کے تیسرے ہی اوور میں ایون لوئس پویلین لوٹ گئے۔شے ہوپ اور کرس گیل نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن پھر دونوں بلے باز یکے بعد دیگرے 11 اور 36رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔55رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شیمرون ہٹمائر اور نکولس پوران کی جوڑی اکٹھا ہوئی اور دونوں نے 89رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کسی حد تک ازالہ کردیا۔لیکن اس سے قبل یہ شراکت انگلینڈ کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوتی، جو روٹ نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر ہٹمائر کی 39رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 155 کے اسکور پر ویسٹ انڈین جیسن ہولڈر بھی روٹ کی گیند پر انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے۔اس کے بعد نکولس پوران ایک اینڈ پر موجود رہے لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ویسٹ انڈین ٹیم 212 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پوران 63، رسل 21 اور برایتھ ویٹ 14رنز بنا کر پویلین لوٹے
انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور مارک وڈ نے تین، تین اور روٹ نے دو وکٹیں لیں۔جیسن رائے کے انجری کے شکار ہونے سبب ہدف کے تعاقب میں جونی بیئراسٹو کے ہمراہ اوپننگ کے لیے جو روٹ میدان میں اترے۔اوپنرز نے انگلش ٹیم کو 95رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی، بیئراسٹو 7 چوکوں سے مزین 45رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔اس موقع پر انگلش ٹیم نے حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے کرس ووکس کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیج دیا کیونکہ فیلڈنگ کے دوران کپتان آئن مورگن بھی زخمی ہو گئے تھے۔انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرے اینڈ پر موجود روٹ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 104رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا، وہ 40رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب روٹ نے عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رواں ورلڈ کپ میں دوسری سنچری اسکور کی اور انگلینڈ 18.1 اوورز قبل ہی ہدف حاصل کر کے میچ میں 8وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی۔روٹ نے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بین اسٹوکس نے 10رنز بنائے۔جو روٹ کو سنچری اور 2 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔