مانچسٹر (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت کے خلاف میچ کے لئے پاکستان ٹیم کے گراونڈ آتے ہی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے پاکستانی ٹیم کی تیاریاں شدید متاثر ہوئیں۔بھارتی ٹیم نے آوٹ ڈور میں پریکٹس کی جبکہ پاکستان ٹیم نے انڈور میں پریکٹس کی۔بارش کی وجہ سے پچ اور گراونڈ کے بڑے حصے کو کور کردیا گیا تھا۔دوپہر کو شروع ہونے والی بارش اس قدر شدید تھی کہ پچ کورز سے باہرکے حصے میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا تھا۔ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی بارش نے سوکھے گراونڈ کو پانی سے بھر دیا تھا ۔گراونڈ اسٹاف جو آوٹ فیلڈ کو میچ کے قابل بنارہے تھے انہیں دوبارہ محنت کرنا پڑے گی۔میچ میں بارش کا بھی اہم حصہ ہوگا۔اتوار کو میچ والے دن دوپہر کے بعد بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، لیکن صبح مطلع ابر آلود ہوگا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے ،البتہ برطانیہ میں موسم تیزی سے تبدیل ہوتا ہے۔پاکستان کو ریکارڈ کو تبدیل کرنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔
اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں یہ دونوں ٹیمیں چھ مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں، لیکن پاکستان اب تک ان میں سے کوئی میچ نہیں جیت پایا۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے چھ میں سے پانچ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان نے پانچ میچ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہارے ہیں۔ورلڈ کپ مقابلوں میں آج تک پاکستان کا بھارت کے خلاف سب سے زیادہ مجموعی سکور 273 رہا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اولڈ ٹریفورڈمیں اس سے پہلے ایک ہی میچ کھیلا گیا ہے اور اتفاق سے یہ سنہ 1999 کے کرکٹ ورلڈ کپ کا وہ میچ تھا جس میں بھارت نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 131 میچوں میں پاکستان نے 73 جبکہ بھارت نے 54 میچوں میں فتح حاصل کی ہے جبکہ چار میچ بےنتیجہ رہے۔فاسٹ بولرمحمد عامر ٹورنامنٹ میں 10 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔