ہیڈنگلے (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کے عالمی کپ 2019 میں پاکستان کے خلاف افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔لیڈز کے ہیڈنگلے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ پاکستانی ٹیم کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میچ میں فتح قومی ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر آسان کردے گی۔عالمی کپ 2019 میں پاکستانی ٹیم اب تک 7 میچز کھیل چکی ہے، جس میں سے اسے 3 میں فتح اور 3 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ بارش سے متاثر ہوا تھا۔تاہم گزشتہ 2 میچوں میں قومی ٹیم کی کارکردگی متاثر کن رہی اور گرین شرٹس نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کے ساتھ میچ سے قبل ناقابل شکست رہنے والی نیوزی لینڈ کو شکست دی۔تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستانی ٹیم کو اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا اور افغانستان سمیت اگلے میچ می بنگلہ دیش کو بھی شکست سے دوچار کرنا ہوگا۔ہیڈنگلے میں موسم کی بات کی جائے تو اگلے دو روز بھی موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گرم موسم کے سبب ہیڈنگلے کی وکٹ سلو ہوسکتی ہے جو دوسری بیٹنگ کے دوران وکٹ اسپنرز کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں اور تینوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم گزشتہ سال ایشیا کپ کے دوران افغانستان کے خلاف قومی ٹیم بمشکل کامیابی حاصل کر پائی تھی۔یاد رہے کہ ورلڈ کپ سیمی فائنل کی اس دوڑ میں شامل رہنے کے لیے پاکستان کو نہ صرف اپنے دونوں میچز جیتنے ہوں گے بلکہ میزبان انگلینڈ کو اپنا ایک میچ لازمی ہارنا ہوگا۔