نیشنل چیلنج کپ‘ آرمی حریف نیوی کیخلاف سرخرو‘ سیمی فائنل میں جگہ مل گئی

پشاور(ریاض احمد) ایکسٹر ا ٹائم کے دونوں ہاف میں ایک ایک گول بنا کر پاکستان آرمی نے 28ویں نیشنل چیلنج کپ کے تیسرے ٹائٹل کے حصول کیلئے اپنی پیش قدمی کو جاری رکھا جب انہوں نے 2008کی چمپئن پاکستان نیوی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-2سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔جہاں ان کا مقابلہ کے آر ایل سے 2اگست کو ہوگا ۔آرمی کیلئے ضل حسنین اورکپتان عنصر عباس نے ایک ایک بار گیند کو جال کے حوالے کیا۔کے آر ایل اور پاکستان پولیس کا مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا اور 6بار کی نیشنل چیلنج کپ ونر نے حریف ٹیم کو باآسانی 1-6کی کاری ضرب لگائی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے عمیر علی ایونٹ نے دوسری ہیٹرک بنائی جبکہ زید عمر، محمدعمران اور ذیشان صدیقی نے ایک ایک بار گیند کو جال میںڈالا۔سید وسیم اختر، ریجنل ہیڈ، نیشنل بینک اورارشد حسین، ڈائریکٹر یوتھ ڈیولپمنٹ ، کے پی کے اسپورٹس بورڈمذکورہ میچوں میں مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر سید ظاہر علی شاہ، باسط کمال، رؤف باری، قاضی آصف ، حزب اﷲ بٹینی و دیگر مہمان بھی موجود تھے۔طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم کی سرسبز فیلڈ پر ڈے اینڈ نائٹ میں کھیلے جانے کوارٹرفائنلز میں پاکستان آرمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایکسٹرا ٹائم میں پاکستان نیوی کو 0-2سے ناکام کیا۔پہلے ہاف کے دورانیہ میں دونو ں ٹیموں کی جانب سے تیز رفتار کھیل پیش کیا گیا لیکن آرمی کے گول کیپر شہبازاحمد اور نیوی کے گول کیپر شہروز احمدنے اپنے عمدہ کھیل سے گیند کو جال میں داخل نہ ہونے دیا۔

وقفہ پر دونوں جانب سے ایک ایک تبدیلی کی گئی ۔نیوی کے اسٹار ڈیفنڈرمحمد نوید گروئنگ انجری کے باعث تبدیل ہوئے اور پاکستان آرمی نے محمد جمیل کی جگہ سرفراز کو میدان میں اتارا جس کے باعث میچ کا نقشہ بدل گیا اور آرمی کے کھلاڑیوں نے نیوی کو دفاع پر مجبور کردیا۔ آرمی کے برق رفتار ونگرز ضل حسن اور محمد افضال کے ہمراہ سرفراز اور کپتان عنصر عباس کی عمدہ کارکردگی کا جواب نیوی کے پاس نہ تھا لیکن اس موقع پر نیوی کے گول کیپر شہروز احمد آئنی دیوار ثابت ہوئے اور آرمی کے تمام حملوں کو ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ 0-0سے برابر رہا ۔ ایکسٹرا ٹائم کا آغاز بھی تیز رفتار رہا۔ 102منٹ میں آرمی نے ڈیڈ لاک کو توڑا جب افضال کے عمدہ کراس پر کپتان عنصر عباس نے گیند کوجال میں پھینک کرآرمی کو 0-1سے برتری دلادی اور 113منٹ میں ضل حسنین نے دوسرا گول داغ کر آرمی کی فتح پر مہر تصدیق ثبت کردی۔

چوتھ اور آخری کوارٹر فائنل یکطرفہ ثابت ہوا۔ عمیر علی نے کے آرایل کیلئے 45ویں سیکنڈ میں گیند کو جال میں پہنچا کر ایونٹ کا تیزترین گول اسکور کیا۔جسے 40ویں منٹ میں یوسف نے 1-1سے برابری میں تبدیل کردیا۔44ویں منٹ میں عمیر علی نے ایک بار پھر کے آر ایل کو برتری دلاکر اسکور 1-2کیا۔53ویں منٹ میں زید عمر ، 59ویں منٹ میں محمد عمران ، 80ویں منٹ میں متبادل ذیشان صدیقی اور 87ویں منٹ میں عمیر علی نے انفرادی تیسرا گول بنا کر اپنی ہیٹرک مکمل کی۔فیفا ریفری ارشاد الحق اور یونس لعل نے مذکورہ میچوں کو سپروائز کیا۔

تعارف: newseditor