بارسلونا(سپورٹس لنک رپورٹ)یورپیئن ٹی20 کرکٹ لیگ میں رومانیہ کے باؤلر پیول فلورین کا دلچسپ باؤلنگ ایکشن سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور دنیا بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔اسپین میں جاری یورپیئن لیگ میں رومانیہ کے باؤلر کا منفرد باؤلنگ ایکشن سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔رومانیہ کے پیول فلورین پیشے کے اعتبار سے باڈی گارڈ ہیں اور رومانیہ کلج کرکٹ کلب کے کھلاڑی اور صدر ہیں۔فلورین کرکٹ سے محبت کرتے ہیں اور فارغ وقت میں کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے فروغ کی بھی کوشش کرتے ہیں۔فرن کلب ڈریوکس کے خلاف کرائی گئی باؤلنگ کے دوران ان کا ایکشن بہت مقبول ہوا جہاں کچھ لوگوں نے اسے سراہا تو چند لوگوں نے اسے کرکٹ کے کھیل کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔پیول فلورین بھاگتے ہوئے آتے ہیں اور پھر انتہائی آہستہ رفتار میں گیند پھینکتے ہیں جبکہ ان کی باؤلنگ لائن بھی کسی پیشہ ورانہ باؤلر سے ہرگز مطابقت نہیں رکھتی۔
تاہم شائقین کرکٹ کی تنقید کے باوجود فلورین نے کھیل سے محبت کے سبب کرکٹ کھیلنے اور باؤلنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔فلورین کا کہنا ہے کہ وہ پروفیشنل کرکٹر نہیں ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ ان کا باؤلنگ ایکشن بھی اچھا نہیں لیکن وہ کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔فلورین کی کھیل سے محبر نے سابق اور موجودہ کرکٹرز کو بہت زیادہ متاثر کیا اور انگلینڈ کے جوفرا آرچر نے انہیں ایکشن کو بہتر بنانے کے لیے مدد کی پیش کش کردی۔سابق انگلش کرکٹر دمتری مسکرینس نے کہا کہ فلورین رومانیہ میں پیدا ہونے والے کے پہلے کھلاڑی ہیں جو کرکٹ کھیل رہے ہیں لہٰذا ہمیں اس کی خوشی منانی چاہیے
چند لوگوں کی سخت محنت کے سبب یہ ممکن ہو سکا۔سابق عظیم آسٹریلین لیگ اسپنر شین وارن نے بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک خوبصورت کھیل ہے، میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی بدولت یہ ممکن ہو سکا، میں اگلے سال سے اس ٹورنامنٹ کو فالو کروں گا اور اگر میری مدد درکار ہوئی تو میں بالکل حاضر ہوں۔