لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ )قومی ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض کا بھی ٹیسٹ سے دل اچاٹ گیا۔ ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائر منٹ لینے کا فیصلہ کر لیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض نے بھی محمد عامر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق وہاب ریاض نے اپنے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ احسان مانی کو آگاہ کر دیا ہے وہ باضابطہ اعلان کینیڈا میں ٹی ٹونٹی لیگ سے فارغ ہونے کے بعد ملک میں واپس آ کر میڈیا کے ذریعے کریں گے۔2010میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بالر اس حوالے سے کافی خوش قسمت ہیں کہ پہلے ٹیسٹ میں ہی بیرون ملک پاکستان کو فتح دلوائی تھی، انگلینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کر کے ٹیسٹ میں اپنی دھاک بیٹھائی تھی،اس دوران وہ قومی ٹیم کے مستقل رکن رہے تاہم ٹیسٹ میں کارکردگی بہتر نہ ہونے کی بناپر انہیں ٹیم سے ڈراپ کیا گیا، انہوں نے اپنا آخری میچ اکتوبر 2018میں آسٹریلیا کیخلاف ابو ظہبی میں کھیلا جس میں وہ دونوں اننگز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔فاسٹ بالر نے 9 سالہ کیرئیر میں 27 میچ کھیل کر 83 شکار کئے ہیں، ان کی بہترین بالنگ 83 رنز کے عوض 5 وکٹیں رہی ،انہوں نے اپنے کیریئر میں 2 مرتبہ5 وکٹیں جبکہ 3 مرتبہ4 وکٹیں حاصل کیں ۔یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بالر محمد عامر گزشتہ ہفتے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔یاد رہے محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کیخلاف گال ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچوں میں 30 کی اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں، اپریل 2017 میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کنگسٹن میچ میں 44 رنز کے عوض 6 وکٹیں محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین بولنگ تھی