نیشنل چیلنج کپ ‘ عمیر علی کے گول سے کے آر ایل برانز میڈل کی حقدار بن گئی

پشاور(ریاض احمد) 6بار نیشنل چیلنج کپ کی چمپئن کے آریل نے تیسری پوزیشن میں پاکستان واپڈا کیخلاف عمیر علی کے انتہائی آخری لمحات میں کئے جانے والے واحد اور فیصلہ کن گول کی بدولت 0-1سے شکست دے کر29ویں نیشنل چیلنج کپ 2019میں تیسری پوزیشن کی ٹرافی کے ہمراہ 2لاکھ روپے اور برانز میڈلز اپنے نام کرلئے۔میچ سے قبل کمشنر پشاور امجد خان کا دونوں کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ۔ اس موقع پر سید ظاہر علی شاہ، باسط کمال، راؤف باری، قاضی آصف، لوکل آرگنائزنگ کمیٹی ودیگر بھی موجود تھے۔

فائنل میں 2بار کی چمپئن آرمی اور پہلی انٹری میں فائنل کھیلنے والی سدرن گیس کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔فائنل کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ ،، رنراپ کو 3لاکھ ، تیسری پوزیشن کو 2لاکھ ، فیئر پلے ٹیم کو 50ہزار، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 30ہزار، ٹاپ اسکورر اور بہترین گول کیپر کو 25,25ہزار جبکہ ایمرجنگ پلیئر کو 20ہزار روپے کے کیش پرائز ملیں گے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیراہتمام اور کے پی کے فٹبال ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم پشاور پر کھیلے تیسری پوزیشن کے میچ میں دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہوا ۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن گیند کا رخ صرف ایک بار جال کی جانب موڑا جاسکا جب کے آر ایل کے موقع شناس اسٹرائیکر عمیر علی نے 90ویں منٹ میں 2کھلاڑیوں کو ڈاج کر گیند کو جال میں ڈال کر نہ صرف اپنی ٹیم کو 0-1سے برتری دلائی بلکہ ایونٹ میں مجموعی طور پر اپنا چھٹا گول بھی اسکور کیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فرنٹ رنر محمد وحید 7گول کے ہمراہ ہنوز ٹاپ اسکورر ہیں جس میں انکی پاکستا ن ریلویز کیخلاف نیشنل چیلنج کپ کی اوّلین ڈبل ہیٹرک بھی شامل ہے۔ریفری فیفا ریفری ارشاد الحق کے معاونین یونس لعل، شوکت حسین اور ماجد خان ، ریفریز ایسیسر امتیاز علی شاہ اور میچ کمشنر قاضی آصف تھے۔

تعارف: newseditor