بارسلونا میں ہونے والا ایشیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ پاکستان نے جیت لیا

بارسلونا (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانیوں اور ایشین کمیونٹی نے اسپین میں کرکٹ کے فروغ میں بھی نمایاں خدمات پیش کرتے ہوئے اس کھیل کو فٹ بال کے میدانوں میں پھیلایا اور مقامی لوگوں کو بتایا کہ ہم صحت مندانہ سر گرمیوں کے دلدادہ لوگ ہیں۔ اس وقت اسپین میں 33 کرکٹ کلب رجسٹرڈ ہیں جو کنگ کپ اور کاتالونیا لیگ میں حصہ لیتے ہیں۔اسی سلسلے کی ایک کڑی تیسرا ایشیاکرکٹ کپ تھا جو بارسلونا کی منجوئیک گراونڈ میں کھیلا گیا، اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں نے حصہ لیا، پول میچز کے بعد فائنل کے لئے پاکستان اور افغانستان کوالیفائی کیا، فائنل میچ دیکھنے کے لیے ایشین کمیونٹی کی کثیر تعداد میدان میں پہنچی تھی ۔کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے اس ایشیا کپ میں ڈھول کی تھاپ، نوجوانوں کے بھنگڑے اور حوصلہ افزاء نعروں نے ماحول کو گرمایا ہوا تھا۔ پاکستان نے فائنل کا ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔یاسر علی اور ارمغان خان اوپنر بن کر میدان میں اُترے، ارمغان خان نے بہترین بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز اسکور کیا لیکن وہ رن آوٹ ہو گئے۔ حمزہ ڈار 35، بصیر خان 29 اور یاسر علی نے 24 اسکور کئے، افغانستان کی طرف سے باولنگ کرتے ہوئے، خالد احمدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں

پاکستان نے کل اسکور 133 بنایا۔جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 103 اسکور پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان کی طرف سے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے فیصل شاہ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عمیر نے 3وکٹس لیں، اس طرح پاکستانی ٹیم نے ونر ٹرافی اپنے نام کر لی۔تیسرے ایشیا کپ کے مہمان خصوصی معروف بزنس مین چوہدری عزیز امرہ اور پاک فیڈریشن اسپین کے صدر چوہدری ثاقب طاہر تھے۔چوہدری عزیز امرہ، چوہدری سبط اور چوہدری ثاقب طاہر نے ونر ٹرافی پاکستان ٹیم کے کپتان محمد طارق کے سپرد کی جبکہ بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں جن میں حافظ عبدالرزاق صادق، نعیم بھٹی کنجاہ، چاچا رشید، طارق رفیق بھٹی، اظہر عباس، ممتاز منیر سہوترہ، چوہدری سبط، شاہد لطیف گجر، اشرف مغل، عدیل احمد، سکھا سنگھ، ملک عدنان، رانا ندیم، ملک عمران، مرزا بشارت شامل ہیں ان کو میڈلز دیئےگئے۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ ملک عمران اور مرزا بشارت کی قیادت میں تمام انتظامات سنبھالے ہوئے تھی، ٹورنامنٹ کی کامیابی کے پیچھے ملک عمران کی خصوصی کاوشیں شامل حال رہیں، اسپین میں مقیم ایشین کمیونٹی نے ایسے ایونٹس کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح مقامی کمیونٹی کے سامنے ہم اپنا سافٹ امیج رکھ سکتے ہیں اور انہیں بتا سکتے ہیں کہ ہم پر اُمن اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو پسند کرنے والی قوم ہیں۔پاکستان نے تیسرا ایشیاکپ جیت کر ہیٹرک کر لی اور تینوں بار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو مقامی کمیونٹی سمیت دوسری شخصیات نے خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب اسپین کی قومی کرکٹ ٹیم میں زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہو گی اور یہ ٹیم ورلڈ کپ ضرور کھیلے گی۔

تعارف: newseditor