نئے انگلش کھلاڑیوں کیخلاف بھی پلان بنا لیا ہے، بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پہلے ون ڈے میچ سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم کے تبدیل ہونے سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ہم اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں کریں گے۔ مثبت انداز میں کرکٹ کھیلیں گے اور جیتیں گے۔ نئے کھلاڑیوں کے خلاف بھی پلان بنا لیا ہے۔

پہلے ایک روزہ میچ سے قبل کارڈف میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہو ئے بابر اعظم نے کہا کہ جو صورتحال پیدا ہوئی یہ کوئی آئیدیل نہیں تھی اور اس صورتحال میں ٹیم کے تبدیل ہونے سے مایوسی ہو ئی ہے۔ لیکن ان حالات کو سمجھنا چاہیے کوویڈ کے غیر معمولی حالات کا سامنا ہے اور ہم فینز کے لیے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ہم بائیو سیکور ببل میں ہیں پاکستان کرکٹ بورڈ اور ای سی بی نے اعتماد دیا اور کہا ہے معاملات کو مزید اچھا کریں گے۔ میں اپنے کھلاڑیوں کو کریڈٹ دوں گا جو ان حالات میں مثبت سوچ رہے ہیں۔ ان کامائنڈ سیٹ وہی ہے جو پہلے تھا فوکس کرکٹ پر ہے۔

انہوں نے کہا ہم پروفیشنل ہیں اور اس طرح کی چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کرکٹ ہماری ترجیح ہے۔ جب انگلینڈ کے کیمپ میں کوویڈ 19 کیسز کا پتہ چلا تو ہمارے زہن میں یہ نہیں آیا تھا کہ ہمیں کرکٹ نہیں کھیلنا ہے۔ کل کے میچ پر فوکس ہے اور مثبت انداز سے میدان میں اتریں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے لیے سیریز بڑی اہم ہے۔ ورلڈ سپر لیگ کی سیریز ہے ہم نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں نئے لڑکے ہیں لیکن ہم انہیں جانتے ہیں ہمارے اینالسٹ کو بہت جلد کام کرنا پڑا ہے ہم نے پلان جن کھلاڑیوں کے لیے تیار کیا ہے اب وہ کھلاڑی تبدیل ہو گئے ہیں اب نئے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہمارے اینالسٹ نے نیا پلان دیا ہے۔ ہمارے فوکس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انگلینڈ کی نمبر ون ٹیم ہے آسان نہیں سمجھ سکتے۔ ہمیں بے خوف کرکٹ کھیلنا پڑے گی۔

بابر اعظم نے کہا کہ ڈربی میں ٹریننگ کرنے سے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملا ہے۔ ون ڈے کرکٹ کے پلان کے ساتھ ٹریننگ کی۔ سیشنز بھی ہوئے پریکٹس میچ اور سیناریو میچز بھی کھیلے جس سے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ہم کلئیر ہیں کہ کس کمبی نیشن کے ساتھ جانا ہے۔ کارڈف میں اچھی کرکٹ کے لیے پر امید ہیں۔

error: Content is protected !!