فضل محمود کرکٹ‘ داؤد اسپور ٹس کی جوہرآباد کیخلاف آسان کامیابی

کراچی (ریاض احمد) نیشنل فضل محمود کلب کرکٹ چمپئن شپ میں کے سی سی اے زونIIکے زیر اہتمام ٹی ایم سی گراؤنڈ کی سرسبز فیلڈ پر داؤد اسپورٹس نے جوہر آباد سی سی کو 101رنز کی شکست کا داغ لگایا۔سلمان حفیظ اورعلی شاہ نے فاتح ٹیم کیلئے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ جنید نعیم اور فیصل طاہر کے ہاتھ 3,3وکٹیں لگیں۔ ناکام سائیڈ کے کے زین العابدین 26رنز بناسکے اور محمد دانیال نے 38رنز پر 4وکٹیں اپنے نام کیں۔داؤد اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40اوورز میں 8وکٹوں پر 187رنز اسکور کئے۔ سلمان حفیظ نے 3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 65رنز جبکہ علی شاہ نے 55رنز میں 6چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ محمد دانیال نے 38رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔جوہرآباد سی سی کی جوابی اننگز 25.2اوورز میں 86رنز پر تمام ہوگئی۔ زین العابدین 3چوکے لگا کر 26رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکورر بنے۔عبدالرحمن نے 17رنز میں ایک چوکا لگایا۔ علی اصغر نے 14رنز اسکور کئے۔ جنید نعیم نے 8رنزاورفیصل طاہر نے 26رنز کے عوض 3,3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ محمد عمر کو 2وکٹیں 19رنز کے عوض ملیں۔ ایمپائرز طاہر رشید اور رشید خان جبکہ آفیشل اسکورر راشد اسلم تھے۔

تعارف: newseditor