تھائی قونصل جنرل کا پاکستان سیپاک ٹاکرا ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ

کراچی : (سپورٹس لنک رپورٹ)34 ویں کنگز کپ ورلڈ سیپاک ٹاکرا چیمپئن شپ جوکہ اس مہینے کے آخر میں تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلی جائے گی اس سلسلے میں پاکستان سیپاک ٹاکرا ٹیم کا تربیتی کیمپ ڈاکٹر محمد عارف حفیظ اور شبیر احمد کے زیر نگرانی جاری ہے ۔تھائی قونصل جنرل تھاٹری چاوُ وچاتا اور ڈپٹی قونصل جنرل اپی پان چی چاروین نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات کی ۔اس موقع پر پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد خان ،مینجر ڈاکٹر محمد عارف حفیظ ،ھیڈ کوچ شبیر احمد ،کوچز عارف وحید خان ،راجہ اعجاز ،محمد سلیم ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق ،سیکرٹری احمد علی راجپوت ،ایسوسی ایٹ سیکرٹری اصغر بلوچ ،خالد رحمانی ،حیدرآباد اولمپک کمیٹی کے صدر خرم رفیع صدیقی ،سیکرٹری پرویز شیخ ،کراچی کھو کھو کے طارق خان ،ریفری عبدالباسط ،طاہرہ یاسمین ،اور دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد نے کہا کہ پاکستان میں سیپاک ٹاکرا کا کھیل بہت تیزی سے فروغ پارہا ہے انہوں نے قونصل جنرل اور ڈپٹی قونصل جنرل کا تربیتی کیمپ کا دورہ کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل اپی پان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں میری نیک خواہشات آپ کی ٹیم کے ساتھ ہیں قونصل جنرل تھاٹری چاوُ وچاتا نے کہا کہ میں پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے یہاں آنے کی دعوت دی میری خواہش ہے کہ پاکستان ٹیم کامیابی حاصل کرے میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں اور ہمارا تعاون بھی آپ کے ساتھ رہے گا ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں ۔آخر میں سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر عارف حفیظ اور صدر شبیر احمد نے سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا ۔

تعارف: newseditor