ایک سال میں کرکٹ سربراہ احسان مانی کے مجموعی اخراجات ایک کروڑ 3 لاکھ 59 ہزار 76 روپے رہے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پالیسی کے تحت ایک بار پھر کرکٹ بورڈ سربراہ احسان مانی اور گورننگ بورڈ کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔پی سی بی حکام نے ہر 3 ماہ بعد اخراجات کی تفصیل ویب سائیٹ پر جاری کرنیکی پالیسی اپنارکھی ہے

جس کے مطابق گزشتہ ایک برس میں کرکٹ سربراہ احسان مانی کے مجموعی اخراجات ایک کروڑ 3 لاکھ 59 ہزار 76 روپے رہے۔ بورڈ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ احسان مانی نے مختلف الاؤنسسز کی مد میں 81 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کرنے سے انکار کیا ہے۔پی سی بی چیف کی رہائش کی مد میں 26 لاکھ جب کہ 7 لاکھ روپے سے زیادہ کے اخراجات گاڑی اور ڈرائیور کی مد میں ہوئے۔ ان کے غیر ملکی دوروں پر کرکٹ بورڈ کے خزانے سے 50 لاکھ روپے نکلے۔

چیئرمین پی سی بی کی اہلیہ کے غیر ملکی دورے بورڈ کو 3 لاکھ 30 ہزار میں پڑے۔ویب سائٹ پر جاری کردہ دیگر تفصیلات کے مطابق احسان مانی کے اندرون ملک سفر پر 8 لاکھ 92 ہزار روپے، سیکیورٹی گارڈ اور ملازمین کی مد میں 3 لاکھ 45 ہزار روپے اور گورننگ بورڈ میٹنگ کے 20 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

ایک سال میں چیرمین پی سی بی کی صدارت میں گورننگ بورڈز کی 5 میٹنگز مختلف شہروں میں ہوئیں۔ ان پر 45 لاکھ سے زائد اخراجات منظر عام پر آئے ہیں۔ بورڈ ممبران نے 10 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد کی رقم میٹنگ الاؤنس جب کہ 9 لاکھ 30 ہزار روپے سے زائد رقم ڈیلی الاؤنس کی مد میں حاصل کی۔ گورننگ بورڈ ممبران کی رہائش پر 10 لاکھ 43 ہزار جب کہ 15 لاکھ روپے سفری اخراجات بھی دستاویز کا حصہ ہیں۔

تعارف: newseditor