سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کی مجموعی صورتحال سمجھنے میں مدد ملے گی‘ احسان مانی

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین حسان مانی نے کہا ہے کہ سری لنکا کرکٹ سے مذاکرات کے نتیجے میں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی پر انتہائی خوش ہیں،محدود اوورز کی کرکٹ سیریز میں شرکت کی غرض سے پاکستان آنے سے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کی مجموعی صورتحال سمجھنے میں مدد ملے گی۔اپنے بیان میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ میچز کا انعقاد قومی کرکٹ فینز کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹارز کو پاکستان میں کھیلتا دیکھنے کے ایک طویل انتظار کو ختم کرنے میں مدد ے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں آئی سی سی ورلڈ الیون ، سری لنکا کے خلاف ایک ٹی ٹونٹی، ویسٹ انڈیز کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور 8 ایچ بی ایل پی ایس ایل میچز کا انعقاد پاکستان کرکٹ کے لیے ایک پرامن ملک ہونے کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست تسلیم کرنے پر میں سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا ، ان کے بورڈ اور کھلاڑیوں کا مشکور ہوں۔ پاکستان سری لنکا کرکٹ کی میزبانی کرنے کے لیے بیتاب ہے اور یہاں آنے والی گزشتہ تمام ٹیموں کی طرح محفوظ ماحول فراہم کرنے کو ترجیح دے گا۔ سری لنکا کرکٹ کے صدر شامی سلوا کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکاکرکٹ کے درمیان دوستانہ تعلقات کا ایک شاندار ماضی ہے۔ اپنے کھلاڑیوں کی سکیورٹی اور حفاظت سری لنکا کرکٹ کی ذمہ داری ہے، اگر اس میں کوئی شک و شبہ ہوتا تو سری لنکا کرکٹ اس نتیجے پر نہ پہنچتا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ کے سکیورٹیوفدنے حال ہی میں لاہور اور کراچی کا دورہ کیا۔ وفد نے مثبت رپورٹ پیش کی ہے۔

تعارف: newseditor