باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے مقبوضہ کشمیر اور سرحد پر جاری بھارت کی اشتعال انگیزی کو عالمی سطح پر سامنے لانے کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب مقبوضہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کیے جانے کے بعد وہاں اضافی بھارتی سیکیورٹی فورسز کو تعینات کردیا گیا تھا اور مسلسل 17دن سے گرفیو کا سلسلہ جاری ہے۔اس دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی اور مستقل فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے متعدد جوان اور شہری جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان کی سرحد پر لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ انسانیت کی خاطر آئندہ ماہ پاکستان کی لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے تاکہ امن کے قیام کے لیے اپنی آواز بلند کرسکوں کیونکہ لائن آف کنٹرول پر معصوم لوگ متاثر ہورہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں کشمیر کی خطرناک صورتحال کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وہاں امن کے قیام کے لیے آواز اٹھاؤں گا۔

تعارف: newseditor