اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ میں انتظامی تبدیلیوں کے بعد شادیوں کا موسم چل پڑا، حسن علی کے بعد عماد وسیم بھی رشتہ ازدواج میں بندھ گئے ،شاداب خان بھی جلد کوئی تاریخ دینے کیلئے تیار۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کی شادی کے بعد عماد وسیم بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ۔
قومی کرکٹر عماد وسیم کے نکاح کی تقریب ہفتہ کو اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد میں منعقد ہوئی جس میں قریبی عزیز واقارب اور دستوں نے شرکت کی۔عماد وسیم کا نکاح برطانوی نڑاد پاکستانی ثانیہ اشفاق سے ہوا ہے اور انہوں نے نکاح کی تقریب میں سفید کرتا اور کالی ویسٹ کوٹ زیب تن کر رکھی تھی۔آل راؤنڈر کے ولیمہ کی تقریب 26اگست کو منعقد ہو گی جس میں وزیر اعظم عمران خان، قومی ٹیم کے کرکٹرز سمیت دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 19اگست کو فاسٹ باؤلر حسن علی کا بھارتی نڑاد سامعیہ سے دبئی میں نکاح ہوا جس میں کرکٹر شاداب خان اور عزیز واقارب نے شرکت کی تھی۔