قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں جاری

ایبٹ آباد(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کی قومی خواتین اور اے ٹیموں کا تربیتی کیمپ ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے، ہائی پرفارمنس کے نام پر ہونے والے اس کیمپ میں سب سے زیادہ فوکس کھلاڑیوں کے مابین باہمی میچز پر کیا گیا ہے اور انفرادی طور پر سکلز ٹریننگ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے عمل پر بھی کام جاری ہے۔ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ مارک کولز، بیٹنگ کوچ اقبال امام، ٹرینر جمال حسین اے ٹیم کے کوچ شاہد انور مقامی کوچ وقار اورکزئی اور ٹیم منیجر عائشہ جلیل ٹیم مینجمنٹ کے طور پر اپنے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔

سوموارکو قومی جونیر سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق فاسٹ باولر سلیم جعفراور خواتین سلیکشن کمیٹی کی رکن اسماویہ اقبال نے بھی خصوصی پر شرکت کی ۔ کیمپ میں فیلڈنگ میں بہتری لانے کے حوالے سے مختلف سکلزپر بھی فوکس کیا گیا ہے جن میں انڈر آرم تھرو ، اوور آرم تھرو ،کلوز کیچز، لانگ کیچز، ہائی کیچز،ڈائیونگ سکلز ،تھرو بیک اپ اور وکٹ کیپنگ ٹریننگ وغیرہ شامل ہیں ۔

جسمانی فٹنس کو بہتر بنانے کے لئے مختلف ڈرلز اور وارم اپ کو بھی مستقل بنیادوں پر کیمپ کا حصہ بنایا گیا ہے اور ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی بیٹنگ اورباؤلنگ میں بہتری لانے کی غرض سے بھرپوتوجہ دی جا رہی ہے اور سب سے زیادہ انہی دو شعبوں کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کو ٹارگٹ کیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیادوں پر ٹارگٹڈ میچز اسی سلسلے کی کڑی ہیں جبکہ بیٹنگ سکلز کی بہتری کے لئے نیٹ پریکٹس باقا عدگی سے کروائی جا رہی ہے اور اس کے لئے سیمیٹڈ وکٹ اور ٹرف وکٹ کے ساتھ گراؤنڈ کی درمیانی پچ کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

باؤلنگ کے شعبہ میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے اور مثبت انداز فکر کو اپنا کر اس شعبے میں خاطر خواہ حد تک بہتری لانے کو بھی تارگٹ کیا گیا ہے ۔قومی جونیر سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق فاسٹ باولر سلیم جعفرنے بھی خواتین کرکٹرکو باولنگ میں بہتری کے حوالے سے ٹپس دیں اور انہیں پریکٹس بھی کروائی۔

تعارف: newseditor