لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ مصباح الحق نے کرکٹ کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست جمع کروانے کے لیے کرکٹ کمیٹی سے مستعفی ہوئے۔ مصباح الحق نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان سے پیرکوملاقات کے دوران کرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ پیش کیا۔اس موقع پر مصباح الحق نے کہا کہ میں نے باضابطہ طور پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواست جمع کروائی ہے تاہم درخواست جمع کروانے سے قبل ہی عہدے کے لیے اپنا نام گردش میں دیکھنا ایک دلچسپ امر رہا۔مصباح الحق نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مختلف اسائنمنٹس پر کام کررہا ہوں۔ کمیٹی کے درخواست پر میں نے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کے لیے پری سیزن کیمپ میں ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔سابق کپتان نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہامجھے اس بات کا ادراک ہے کہ ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے کئی نامور افراد نے درخواست جمع کروائی ہوگی جس کے باعث سخت مقابلے کی توقع ہے۔مصباح الحق نے کہاکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنا کسی شخص کے لیے بھی ایک خواب ہوتا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی خالی آسامی کے لیے 9 اگست کو اشتہار جاری کیا تھا۔ درخواست جمع کرانے کے لیے آخری تاریخ 26 اگست مقرر ہے۔ پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کرلے گاتاکہ نئی تعیناتی 27 ستمبر سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلے۔