محمد یوسف 45برس کے ہو گئے،سپورٹس لنک کی جانب سے ریکارڈ یافتہ کرکٹر کو ڈھیروں مبارک

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف45 برس کے ہوگئے۔محمد یوسف 27 اگست 1974ء کو لاہور کے ایک غیر معروف اور غریب عیسائی گھرانے میں پیدا ہوئے ان کا پرانا نام یوسف یوحنا تھا لیکن پھر دین اسلام کی تعلیمات سے متاثر ہو کر وہ 2005ء میں دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔اسلام قبول کرنے بعد ان پر فتوحات اور شہرت کے دروازے وا ہوتے گئے۔کرکٹ صلاحیتوں کی بدولت وہ نہ صرف دولتمند ہو گئے بلکہ کرکٹ کی تاریخ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کر کے معروف بھی ہو گئے۔محمد یوسف کا شمار پاکستان کے ظہیر عباس، ماجد خان، جاوید میانداد ، یونس خان اور انضمام الحق کی طرح بہترین کرکٹرز میں ہوتا ہے۔انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز 1998میں جنوبی افریقہ کے خلاف یوسف یوحنا کے نام سے کیا۔معروف کرکٹر محمد یوسف کو پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے پہلے اور اب تک کے واحد غیر مسلم کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔محمد یوسف نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں اور پہلا بین الاقوامی ایک روزہ میچ ہرارے میں زمبابوے کے خلاف کھیلا۔ ایک روزہ کیریئر میں انہوں نے 15 سنچریوں کی مدد سے 40 سے زائد کی اوسط سے 9000 رنز بنائے اور ٹیسٹ مقابلوں میں 50 سے زائد کی اوسط سے 24 ٹیسٹ سنچریوں کی مدد سے 7000 رنز بنائے۔ ان کے پاس ایک روزہ میچ میں بغیر آؤٹ ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی ہے۔محمد یوسف نے قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ ایشیا الیون، پہاولپور، لاہور، لاہور بادشاہ، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز، واپڈا،زرعی ترقیاتی بینک ، لنکا شائر اور واکشائر کی ٹیموں کی نمائندگی کی۔آج کرکٹ لیجنڈ کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹوئٹر پر انہیں خصوصی طور پر سالگرہ کی مبارکباد دی گئی۔

تعارف: newseditor