پاکستان کرکٹ بور ڈکے بورڈ آف گورنر کے اجلاس میں اہم فیصلے

لاہور۔(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 55واں اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔ اجلاس کے فیصلے کے مطابق پی سی بی آئین 2019 کی شق 39 پر عملدرآمد کرتے ہوئے بی اوجی نے 4 رکنی نومینیشن کمیٹی قائم کردی ہے۔اسد علی خان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ شاہ ریز عبداللہ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ بختیار خواجہ بطور آزاد رکن کمیٹی میں شامل ہیں۔ پی سی بی کے سینئر لیگل کونسل بیرسٹر سلمان نصیر کمیٹی کے سیکرٹری مقرر کیے گئے ہیں۔

کمیٹی بورڈ آف گورنرز کیلئے 4آزاد ڈائریکٹرز کے علاوہ الیکشن کمشنر، ڈپٹی الیکشن کمشنر اور ایڈجوڈیکٹرز کے نام تجویز کرے گی۔کمیٹی مجوزہ تمام نام بی اوجی کو پیش کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ 4 آزاد ڈائریکٹرز میں 1 خاتون شامل ہوگی۔ بی او جی نے نومینیشن کمیٹی کیلئے ٹی او آرز بھی طے کرلیے ہیں۔ کمیٹی کے اہم ٹی او آرز مندرجہ ذیل ہیں:پی سی بی کے آئین کے تناظر میں اسٹرکچر ترتیب دینے کیلئے مہارت، علم ،تجربے اوربورڈ میں جداگانہ سوچ کو ملحوظ خاطر رکھنا۔علم، تجربے، مہارت اوربورڈ میں جداگانہ سوچ کا جائزہ لے کر اہلیت کا معیار ترتیب دینا۔بی او جی کی منظوری سے خالی آسامیوں کیلئے افراد کی شناخت، انٹرویوز اور انتخاب کرنا۔

چیئرمین کی مشاورت سے بورڈ اراکین کیلیے درکار وقت کا سالانہ جائزہ لینا۔کرکٹ ایسوسی ایشن اور ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچراجلاس میں تمام کرکٹ ایسوسی ایشن کی مجوزہ ترتیب اور ڈومیسٹک سیزن 20-2019 پیش کیا گیا۔ بورڈ نے مجوزہ اور نظر ثانی اسٹرکچر کو متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کی تقریب رونمائی ہفتہ کے روز کی جائے گی۔

تعارف: newseditor