ایبٹ آباد( رپورٹ نواز گوھر)سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے سپیشل ایتھلیٹس کیلئے سپورٹس سکالر شپ اور دیگر سہولیات مہیاکر نے کیلئے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ایتھلیٹس کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں ، انہوں نے انڈر23 خیبرپختونخوا گیمز کے طرز پر تمام میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ساڑھے پانچ لاکھ روپے کیش انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ ٹیم ونر کو بیس ہزار روپے ، ٹیم رنر اپ کو15 ہزار روپے ، اور تیسرے پوزیشن ٹیم کیلئے دس ہزار روپے کیش دینے کا اعلان کیا ۔ انفرادی مقابلوں میں گولڈ ، سلور اور برائونز میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے آٹھ ہزار ، چار ہزار اور دوہزار روپے کیش ایوارڈ رکھے ہیں ۔واضح رہے کہ 27ویں انٹر نیشنل سپیشل گیمز کے دوران محمد عاطف خان کی طرف سے نہ صرف کیش ایوارڈ بلکہ ہر پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی کو سپورٹس سکالر شپ دینے کا بھی اعلان کیا ۔ جس میں 9th اور10th کیلئے بارہ ہزار روپے ، فرسٹ اینڈ سکینڈ ایئر کلاس کیلئے 24 ہزار روپے ، بی ایس ، بی اے اور بی ایس سی کیلئے 36 ہزار روپے جبکہ ماسٹر کلاس کیلئے48 ہزا روپے دیئے جائینگے ۔
سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے ڈائریکٹر آف سپورٹس خیبرپختونخوا کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تما م سپیشل ایتھلیٹس کا ڈیٹا بنا یا جائے اور تمام سہولیات فراہم کی جائے اور مختلف گیمز کا سامان بھی مہیا کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ انشاء اﷲ 28 ویں سپیشل گیمز میں سارک ممالک کے سپیشل ایتھلیٹس کا دستہ بھی شامل کیاجائے گا۔اس ضمن میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیار خٹک نے کہاکہ تمام ہدایت پر پہلے سے ہی کام شروع کیاجاچکا ہے ،اور سپیشل گیمز کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں ساڑھے پانچ لاکھ روپے سمیت مختلف کھیلوں کا سامان تقسیم کیاگیا ہے ، اور جیسے ہی ڈیٹا مکمل ہوجائیگا سپورٹس سکالر شپ بھی فراہم کی جائیگی