پالے کیلی(سپورٹس لنک رپورٹ) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 175 رنز کا ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، روز ٹیلر 48 اور گرینڈ ہوم 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیرل مچل نے 25 اور مچل سینٹنر نے 14 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، کوسل مینڈس کی 79 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔اتوار کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں سری لنکن قائد لیستھ مالنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کوسل مینڈس اور کوسل پریرا نے ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں پر سائوتھی نے پریرا کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، وہ 11 رنز بنا سکے، اویشکا فرننڈو 10 رنز بنانے کے بعد مچل سینٹنر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر نیروشن ڈکویلا نے مینڈس کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز جوڑ کر سکور 131 تک پہنچا دیا، مینڈس جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 79 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد سائوتھی کی گیند کا شکار بنے، ڈکویلا 33 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے، ڈاسن شناکا نے 17 اور ایسورو اودانا نے 15 رنز بنا کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنایا، سائوتھی نے 2 اور سینٹنر نے 1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر 5وکٹوں پر پورا کیا، کیویز اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور پہلے ہی اوور میں مالنگا نے کولن منرو کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوئے، مارٹن گپٹل کا بلا بھی نہ چلا اور 11 رنز بنا کر دانن جایا کی گیند کا نشانہ بنے، ٹم سیفرٹ کو 15 کے انفرادی سکور پر وانندو ڈی سلوا نے اپنا شکار بنایا، 39 کے سکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم اور روز ٹیلر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 79 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا،118 کے سکور پر مالنگا نے گرینڈ ہوم کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 44 رنز بنائے، 144 کے سکور پر کیویز کو ٹیلر کا نقصان اٹھانا پڑا جو 48 رنز بنانے کے بعد ڈی سلوا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس کے بعد ڈیرل مچل نے مچل سینٹنر کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلوائی، ڈیرل 25 اور سینٹنر 14 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔مالنگا اور وانندو ڈی سلوا نے 2، 2 اور اکیلا دانن جایا نے ایک وکٹ لی۔