لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی کا پہلا اجلاس جمعہ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوا، صوبائی وزیر کھیل ، اُمور نوجوانان اور چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہد قیوم، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، ارکان صوبائی اسمبلی طلعت فاطمہ نقوی، عائشہ نواز،ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ رانا طاہر، ثاقب وزیر میڈیا ایڈوائرز، تنزیلہ عامر چیمہ صدر وومن ہاکی، انیلہ خواجہ ، مرینہ اقبال، فرزانہ رئوف، ناجیہ رسول، نادیہ فاروقی ، کرن الیاس اور مختلف محکموں کے نمائندوںنے شرکت کی، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے جنرل باڈی کوسپورٹس بورڈ پنجاب کی سالانہ کارکردگی ،ترقیاتی سکیموں اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بتایا کہ صوبہ میں 315سپورٹس کی سہولیات موجود ہیں، 193نئی ترقیاتی سکیمیں شروع کی گئی ہیں جن میں 24تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں
جنرل باڈی نے سپورٹس کے فروغ ،ترقی ،سپورٹس کی سہولتوں،سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور متعدد منصوبوں کی منظوری دی جس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے 2019-20 کے بجٹ، سالانہ سپورٹس کیلنڈر، گریٹر اقبال پارک میں 11 پچز اور چار دیواری کی تعمیر ،ڈیرہ غازی خان میں انٹر ڈویژن والی بال چیمیئن شپ، گوجرانوالہ میں میٹ ریسلنگ، سپورٹس بورڈ پنجاب کی گرائونڈز کی آن لائن بکنگ کیلئے موبائل ایپ اور مختلف کھیلوں میں عالمی سطح پر میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کیلئے ہائی ایچیور ایوارڈ دینے کی منظوری شامل ہے، کھلاڑیوں کو نقد انعامات وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار دیں گے، اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان اور چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے کئی سالوں سے رُکے باکسنگ کورٹ اور سکواش کورٹ کی تعمیر2برسوں میںمکمل کرنے کی ہدایت کی، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جنرل باڈی نے انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا ، پنجاب گیمز 8 سال بعد منعقد کرانے اور 8سال بعد سالانہ سپورٹس کیلنڈر بحال کرنیپر سپورٹس بورڈ پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان اور چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار سپورٹس پالیسی بنارہے ہیں جو تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے، سپورٹس پالیسی کی جلد منظوری دیدی جائیگی، نئی سپورٹس پالیسی سے صوبہ میں سپورٹس کا کلچر بحال ہوگا، انہوں نے مزید کہا ہے کہ 8 سال بعد پنجاب گیمز2019ء اپریل میں منقعد کرائی ہیں جس میں تین ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے، پنجاب گیمز 2019ء منعقد کرانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی بچت پالیسی پر سختی سے عمل کیا گیا ہے اور پنجاب گیمز 2019ء پر ہونے والے اخراجات میں کروڑوں روپے بچائے گئے ہیں
انہوں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ہرماہ ایک کھیل کی چیمپئن شپ منعقد کرارہے ہیں، کراٹے چیمپئن شپ میں بہت سے نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب کو درست سمت کی طرف گامزن کردیا ہے، آنے والے سالوں میں بہت بڑی تعداد میں انڈر 16کھلاڑی تیار ہوں گے۔جبکہ وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب راؤ ذاہد قیوم نے کہا ہے کہ سپورٹس کا فروغ ہمارا نصب العین ہے ہماری کوشش ہے کہ سپورٹس کا جدید انفراسٹرکچر سے کھلاڑی کو فائدہ پہنچے اور پنجاب حکومت سپورٹس کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔