پاکستان سکواش فیڈریشن کا سالانہ جنرل کونسل اجلاس،ایئروائس مارشل عامر مسعود سینئر نائب صدر منتخب

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں آج پاکستان اسکواش فیڈریشن کے 64 ویں سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں ایئر وائس مارشل عامر مسعود کو متفقہ طور پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کا سینئر نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان ، جو پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں ، نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر اسکواش کے عظیم کھلاڑی قمر زمان ، صوبائی اسکواش ایسوسی ایشن کے نمائندے اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کےممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران فیڈریشن کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اسکواش کے کھیل سے متعلق تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔جنرل کونسل کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے اسکواش کے فروغ کے لئے پاک فضائیہ کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ پاکستان میں بین الاقوامی اسکواش کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی اسکواش ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ اسکواش کے کھیل کے فروغ کے لئے مربوط کوشش کریں۔

انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ کھیل پر توجہ دیں اوراپنی جسمانی اور ذہنی مضبوطی کو مزید بہتر بنائیں۔ پاک فضائیہ کی جانب سے مالی اور انتظامی تعاون کی یقین دہانی کے ساتھ ساتھ انہوں نے ممبر ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ اسکواش کی بہتری کے لئے مزید وسائل پیدا کریں۔ انہوں نے ممبر ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی اور صوبائی لیگز کے ذریعہ نچلی سطح پر اسکواش کو فروغ دینے کے علاوہ اسکول اورکالج کی سطح پر بھی نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے اسکواش کو متعارف کروائیں۔ انہوں نے صوبائی ایسوسی ایشنز اور ڈیپارٹمنٹس پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کی مالی اعانت کے ساتھ ساتھ جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کے لئے قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کریں۔ ایئر چیف نے ملک میں اسکواش کے فروغ کے لئے سبکدوش ہونے والے سینئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد اختر علوی کی مخلصانہ کاوشوں کا بھی اعتراف کیا اور امید ظاہر کی کہ ایئر وائس مارشل عامر مسعود بھی اسی جذبے کے ساتھ پاکستان اسکواش کے بہترین مفاد میں کام جاری رکھیں گے۔جنرل کونسل میٹنگ میں 2018 میں صوبائی ایسوسی ایشنز کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ کے پی اسکواش ایسوسی ایشن کو رنر اپ ٹرافی دی گئی ۔

تعارف: newseditor