اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)گزشتہ سال اگست میں عمران خان نے وزیر اعظم کا حلف لینے کے لئے اپنے جن بے تکلف دوستوں کو مدعو کیا ان میں عبدالقادر بھی شامل تھے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں اس تقریب کے بعد عمران خان پرانے کرکٹر دوستوں کے پاس آگئے ان میں وسیم اکرم، وقار یونس، رمیز راجا، مدثر نذر، انضمام، مشتا ق احمد، عاقب جاویداور جاوید میاں داد نمایاں تھے۔عمران نے اس نشست میں اپنی اس پرانی خواہش کا اظہار کیا کہ ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں کو ختم کرنا نا گزیر ہے۔ عبدالقادر نے بر ملا کہا عمران ان سب میں سے کسی میں ہمت نہیں ہے، براہ مہربانی ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں کو بند نہ کرنا یہ بڑی غلطی ہو گی۔عینی شاہدین کے مطابق عمران خان جو تھوڑی دیر پہلے وزیر اعظم کا حلف لے کر شیروانی میں ملبوس تھے وہ مسکرائے بغیر نہ رہ سکے
انہیں علم تھا کہ عبدالقادر سچ بولے بغیر نہیں رہ سکتے۔کرکٹ کے حلقوں میں باؤ کے نام سے شہرت رکھنے والے عبدالقادر نے پیش امام کے گھر آنکھ کھولی وہ غریب فیملی سے عالمی شہرت یافتہ اسپنر بنے لیکن کلمہ حق بولنے سے نہیں ڈرتے تھے۔ عمران خان مدثر نذر اور اقبال قاسم ان کے بے تکلف دوست تھے۔2009میں عبدالقادر کی منتخب کی ہوئی ٹیم نے لارڈز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا لیکن ٹیم منتخب کرنے کے بعد وہ پی سی بی چیئرمین عجاز بٹ سے اختلافات کی وجہ سے مستعفی ہو چکے تھے۔عبدالقادر اصول پسند شخص تھے، انہوں نے تحریک انصاف کو عمران خان کی وجہ سے جوائن کیا لیکن پی سی بی کی پالیسیوں پر کھل کر اظہار خیال کرتے تھے۔