سمتھ نے انضمام کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا

اوول (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور ایشز سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کی بدولت ہر دوسرے دن نت نئے ریکارڈز اپنے نام کرتے جا رہے ہیں۔سیریز کے پانچ میں سے صرف 4 میچوں میں شرکت کرنے کے باوجود اسمتھ اب تک ایشز سیریز کے دوران 6 اننگز میں 751 رنز اسکور کر چکے ہیں۔اوول میں کھیلے جا رہے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بھی اسمتھ نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 80رنز کی اننگز کھیلی۔80رنز کی اس اننگز کے دوران انہوں نے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔انضمام الحق نے انگلینڈ کے خلاف لگاتار 9 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی ایک ٹیم کے خلاف مسلسل سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز تھے لیکن اب یہ ریکارڈ اسمتھ کے نام ہے۔

30 سالہ اسمتھ اس سیریز میں شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ اب تک انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل 10 نصف سنچری یا اس سے زائد اسکور کر چکے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ان دونوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کے جاک کیلس اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو بالترتیب پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف لگاتار 8 میچوں میں نصف سنچری یا اس سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔پانچویں ایشز ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت اسٹیون اسمتھ نے سر ایورٹن ویکس کا 70سال پرانا عالمی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔سر ایورٹن ویکس نے 1949 میں مسلسل 6اننگز میں 75 یا اس سے زائد رنز اسکور کیے تھے اور اس سیریز کے دوران اسمتھ بھی مسلسل یہ کارنامہ انجام دے کر اس عالمی ریکارڈ کے مالک بن چکے ہیں۔اگر اسمتھ اگلی اننگز میں بھی 75 یا اس سے زائد رنز اسکور کرتے ہیں تو وہ ایک اور عالمی ریکارڈ کے مالک بن جائیں گے۔

تعارف: newseditor