لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)مصباح الحق کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد پاکستانی کرکٹ میں فٹنس اور کھانے کے کلچر میں نمایاں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ قومی اکیڈمی اور قائد اعظم ٹرافی میچوں میں مرغن کھانوں پر پابندی لگادی گئی ہے، انہوں نے کھلاڑیوں کے لئے فٹنس کو لازمی قرار دے دیا ہے۔مصباح پلیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے روزانہ قذافی اسٹیڈیم آکر قائد اعظم ٹرافی کے میچ دیکھنے آتے ہیں۔ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مصباح الحق تماشائیوں میں چلے گئے اور ان کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن لاہور میں ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ مشاورت میں مصروف ہیں۔سڈنی سے لاہور پہنچنے کے بعد وقار یونس نے قذافی اسٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی کا میچ دیکھا اور باؤأنڈری لائن پر وہ بولروں سے بات چیت کرتے رہے۔
سری لنکا کی سیریز کی تیاریوں کے لئے پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ اٹھارہ اگست سے لگایا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے لاہور میں کیمپ ختم ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد سمیت 6 کھلاڑیوں کو گھر جانے سے روک دیا اور ان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی فٹنس پر خاص کام کریں جب کہ ٹیموں کے کوچز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہر کھلاڑی کی فٹنس کو مانیٹر کیا جا ئے۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے سب سے پہلے قومی اکیڈمی لاہور میں کھانے کا مینیو تبدیل کرادیا ہے۔ اب اکیڈمی میں کھلاڑیوں کومرغن کھانوں کے بجائے کم گھی والے ایسے کھانے دیئے جارہے ہیں جن سے ڈائٹ کنٹرول کی جاسکے گی۔اسی طرح قائد اعظم ٹرافی میں بھی کھلاڑیوں کو مرغن کھانوں کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی کے لئے کھلاڑیوں کو کم گھی والے کھانے دیئے جارہے ہیں جن میں دال چاول، بار بی کیو، پاستا وغیرہ شامل ہیں جب کہ پہلی بار وافر مقدار میں فروٹ بھی دیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ڈائٹ کنٹرول کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے، ماضی کے برعکس کھلاڑیوں کو اچھے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔