اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چیزیں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں، پر امید ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم 2022ء میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے دو روز قبل سیکورٹی منیجر شان کیرل کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا، انہیں اسلام آباد میں بریفنگز دی گئیں۔کیون رابرٹس نے آسٹریلین میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ دورے کا مقصد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا تھا،
اس کے علاوہ وہاں جا کر صورت حال کو سمجھنا بھی مقصد تھا۔ان کا کہنا تھا کہ دورے سے ہمیں پتہ چلا کہ سیکورٹی کے حوالے سے کیا پلانز ہیں، اب ہمیں اپنی توقعات کا اظہار کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ چیزیں درست سمت میں چل رہی ہیں، پر امید ہیں کہ آسٹریلوی ٹیم 2022ء میں پاکستان کا دورہ کرے گی لیکن فیصلے میں جلد بازی نہیں کریں گے، ابھی وقت ہے اس لیے صورت حال پر ایڈوائس لیتے رہیں گے۔کیون رابرٹس نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ ہم نے خود کو محفوظ سمجھا، مجھے امید ہے کہ ہم پاکستان کا دورہ کریں گے۔آسٹریلیا کے پاکستان کے ساتھ تعلقات اچھے ہیں، پاکستان کی خواہش ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ مکمل طور پر پاکستان واپس آئے۔