لاہور (سپورٹس رپورٹر) امریکن لائسٹف سکول جوہر ٹائون کیمپس کی پرنسپل عائشہ مظہر نے کہا ہے کہ تعلیم اور کھیلوں کے فروغ سے دہشت گردی کی سلگتی آگ بجھائی جاسکتی ہے امریکن لائسٹف سکولز نوجوان نسل کو جدید دور کی معیاری تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرکے پاکستان کے مستقبل کو روشن بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پاکستان کرسچین سپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر وسیم سلیم اور سیکرٹری جنرل مہک عاصم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔انہو ں نے کہا کہ کھیل امن اور دوستی کی علامت ہو تے ہیں جبکہ صحت مند قوم ہی ترقی کی ضامن ہو تی ہے لہٰذا حکومت کھیلوں بالخصوص کھیل کے میدان میں خواتین کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ صحت مند ماں ہی صحت مند قوم دے سکتی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ جہاںکھیلوں کے فروغ سے معاشرے میں پروان چڑھتی ہوئی تنگ نظری اور انتہا پسندی کی سوچ کا خاتمہ ممکن ہے وہاں کھیلوں کے فروغ سے پاکستان کا سافٹ امیج دینا بھر میں امن کی خوشبو کی طرح پھیلے گا جس سے نوجوان نسل کی گرومنگ اور ان کی کردار سازی بھی ہو گی ۔
انہوں نے کہا کہ امریکن لائسٹف سکول کے بچوں میں باسکٹ بال، سوئمنگ ،آرچری اور بیڈ منٹن سمیت دیگر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے گروم کرنے کیلئے سپورٹس ٹیچرزسخت محنت کر رہے ہیں ان کی کاوشوں کی بدولت ہمارے سکولوں کے بچے جلد ہی کھیلوں کے مختلف مقابلوں اپنے شاندار کھیل کی بدولت اپنے سکول ور ملک وقوم کا نام عالمی سطح پر روشن کریں گے ۔ امریکن لائسٹف سکول جوہر ٹائون کیمپس کی پرنسپل عائشہ مظہرنے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے معاشرتی افراد کا صحت مند رہنا انتہائی ضروری ہے اور معیار زندگی کے بنیادی تقاضوں میں اچھی صحت اور بہترین تعلیم و تربیت کی ہم آہنگی لازم و ملزوم ہیں یہی وجہ ہے کہ ایک ترقی پذیر معاشرے کیلئے جو کردار صحت مند اور بہترین تعلیمی زیور سے آراستہ افراد کر سکتے ہیں وہ دوسرا کوئی نہیں کر سکتا انہی مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کو چاہئے کہ وہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی جانب توجہ دے ۔