لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔ ملکی مداحوں میں کرکٹ کا جنون ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے لوگو کی رونمائی کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سپانسر بھی موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا ٹیم کا پاکستان آنا ایک چھوٹا سے لیکن اہم قدم ہے، کہا جارہا ہے کہ سری لنکا کے اہم کھلاڑی نہیں آ رہے۔ کھلاڑیوں کا انتخاب ہر بورڈ کا اپنا اختیار ہوتا ہے۔ مہمان ٹیم کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، پی سی بی کے لنکن بورڈ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، مہمان ٹیم کی آمد سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔
چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سری لنکن بورڈ کا مشکور ہوں۔ اس میں کوئی شک نہیں پاکستان نے بھی وہاں بہت کرکٹ کھیلی ہے۔ آج سے 10 سال پہلے سری لنکا کی ٹیم پر دہشگرد حملہ ہوا تھا۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے 4 سال سے کام جاری تھا۔ ہمارے کھلاڑی جب بیرون ملک کھیل رہے ہوتے ہیں تو سٹیڈیم میں لوگ نہیں آتے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار رہا ہے، حکومت اور فوج نے کرکٹ کی بحالی میں ساتھ دیا، پاکستان سیکیورٹی معاملات میں کسی سے پیچھے نہیں۔ شائقین بھرپور شرکت کریں، مقابلے کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ سپانسرز بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ اور سیاست دو الگ الگ چیزیں ہیں، ڈومیسٹک سسٹم میں ریفارمز کا مقصد پاکستان ٹیم کو نمبر ون بنانا ہےبھارت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے لیے انڈین ٹیم کا آنا نہ آنا کھیلنا اور نہ کھیلنا ان کے اپنے ہاتھوں میں ہے، ہم نے کبھی انکار نہیں کیا۔