آصفہ بھٹوفٹبال اکیڈمی میرپورخاص اور حیدرآباد کمبائنڈ کا میچ 1-1سے برابر

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے سرسبز میدان پرمنعقدہ یکجہتی کشمیر فیسٹول میچ آصفہ بھٹو فٹبال اکیڈمی اور حیدرآباد کمبائنڈ الیون کے مابین ہونے والے دلچسپ مقابلے میں شائقین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میچ سے قبل ریاض سومرو اور ماجد لاشاری کا تعارف انورار خانزادہ ڈائریکٹر اسپورٹس، زرعی یونیورسٹی، ٹنڈو جام نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا۔ دونوں ٹیموں کے نوجوان کھلاڑیوں نے اپنے عمدہ کھیل سے شائقین کو بے حد متاثر کیا۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔ وقفہ کے بعد کھیل کی رفتار میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی۔ جب حیدرآباد کمبائنڈ کی جانب سے ہنزلہ نے دائیں جانب سے آنے والے کراس کو خوبصورت ہیڈرسے جال میں پہنچا کر حریف ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔میرپورخاص کی ٹیم نے اپنی ٹیم کو خسارے سے نکالنے کیلئے زیادہ متحد ہوکر حریف ٹیم پر متعدد حملے کئے لیکن گول کیپر نے کمال مہارت سے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیا۔ تاہم کھیل کے آخری لمحات میں آصفہ بھٹو فٹبال اکیڈمی کی جانب سے اعجاز نے خوبصورت گول بنا کر اپنی ٹیم کو خسارے سے نکال کر مقابلہ 1-1سے برابر کردیا فائنل وسل پر دونوں ٹیمیں 1-1کی برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوسی ماجد لاشاری نے میزبان انوار خانزادہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ یجہتی کشمیر کے موقع پر ہمیں فیسٹول میچ کیلئے مدعو کرکے ہماری حوصلہ افزائی کی گئی۔ دونوں ٹیموں کے نوجوان کھلاڑیوں نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کرکے سب کو متاثر کیا ہے اسطرح کے میچز کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ ہم حیدرآباد ٹیم کو میرپورخاص آنے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ دونوں شہروں کے کھلاڑیوں میں محبت اور ہم آہنگی کے رشتے استوار ہوں۔ بعدازاں میرپورخاص کی ٹیم کو اعزازی فاتح قرار دیتے ہوئے انہیں مہمان خصوسی نے ونر ٹرافی اور میزبان ٹیم نے رنر ٹرافی وصول کی۔ اس موقع پر لیئق احمد، عتیق الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔

تعارف: newseditor