لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ )کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان پریمئر سپر لیگ سیزن تھری کے رائونڈ میچز میں کانٹے دار مقابلے جاری ہیں ،ایبکس، ڈیجیٹل پلاننگ سروسز ، یو سی ایس، جاز، آئی سی آئی اور کنٹرولر جنرل اکائونٹس پاکستان نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ شہر کی تین گرائونڈز میں پریمئر سپر لیگ کے چھ رائونڈ میچز کھیلے گئے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آئی سی آئی نے الائیڈ بینک کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ الائیڈ بینک نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے، فراز شاہ 61 رنزکے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے ۔ آئی سی آئی نے زوہیب شاہد کی 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف 7وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ زوہیب شاہد شاندار کارکردگی دکھا کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اسی میدان میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں یو سی ایس نے نووا میڈ کو 7وکٹوں سے پچھاڑ دیا ۔
نووا میڈ پہلے کھیلتے ہوئے 124 رنز بنائے۔ یو سی ایس نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل پورا کرلیا ۔ نیک محمد نے 60 رنز کی اننگز کھیلی اورمین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ٹائون شپ گرینز کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ایبکس نے نیٹسول کو 20 رنز سے شکست دی۔ ایبکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے، اسفند یار نے 63 رنزکی اننگزکھیلی ۔ہدف کے تعاق میںنیٹسول کی ٹیم 143 رنزبنا سکی ۔ شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر اسفند یار میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اسی میدان میں جاز نے ڈیسکون کی ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔
ڈیسکون کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ مبشر اقبال 76 کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے ۔ جاز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فاتح ٹیم کے اعجاز بلوچ نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اورمین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کی۔ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سی جی اے نے ایگزونوبل کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ ایگزونوبل نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے، عمران بخاری نے 51 رنز جوڑے ۔ سی جی اے نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
خالد حبیب کو آل رانڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں ڈی پی ایس نے سٹوورٹ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ سٹوورٹ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 118 رنز بنائے۔ ڈی پی ایس نے چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے کامیابی سمیٹی ۔پریمئر سپر لیگ کے پہلے رائونڈ کے مزید میچز اگلے ہفتے لاہور کی بہترین گرانڈ میں کھیلے جائیں گے۔