سجاس کے دوممبران عمرہ کی سعادت کے لیئے 5 نومبر کو جدہ روانہ ہونگے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ(سجاس) کے دو ممبر محمود ریاض اور ندیم شہزاد عمرے کی ادائیگی کے لیئے 5 نومبر کی شب جدہ روانہ ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، کے یوجے کے سیکریٹری عاجز جمالی، سینئر جرنلسٹس اے ایچ خانزادہ، راشد عزیز، انیس الدین خان اور پریس کلب کے فنانس سیکریٹری راجہ طارق نے سفری دستاویزات دونوں ممبران کے سپرد کئے۔ اس موقع پر سجاس کے صدر طارق اسلم، سینئر نائب صدر زبیر نذیر خان، سیکریٹری اصغرعظیم، جوائنٹ سیکریٹری عمر شاہین، ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سجاد خان، شاہد ساٹی، منصور علی بیگ اور ذین العابدین سمیت سجاس کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران اور کراچی یونین آف جرنلٹس کے سیکیریٹری عاجز جمالی کا کہناتھا کہ آج میڈیا کو ایک مشکل ترین اور تکلیف دے وقت کا سامنا ہے۔ جس طرح مختلف میڈیا ہاوسز سے صحافیوں کی جبری برطرفی کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ جاری اور پھر ایسے میں میڈیا ہاوسز کا اپنے ملازمین کو چھ چھ ماہ سے زیادہ تنخواہیں ادا نہ کرنا ایک ایسا پریشان کن عمل ہے جو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ ایسے میں سجاس کا اسپورٹس جرنلسٹس کی فلاح بہبود کے لیئے کردار ناقابل فراموش ہے۔

تمام تر مشکل حالات کے باوجود روایت کے مطابق سجاس کا اپنے ممبران کو عمرے کی سعادت کے حصول کے لیئے بھیجنا تمام صحافتی ایسوسی ایشنز کے لیئے قابل قدر مثال ہے۔ اس موقع پر سجاس کے سیکریٹری اصغرعظیم کا کہناتھا کہ اللہ کے گھر اور اس کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے روزہ اقدس کا دیدار ہر مسلمان کی اولین خواہش ہوتی ہے۔ سجاس کا یہ عمل درحقیقت صحافتی برادری کے لیئے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ یقین ہے کہ اللہ پاک کی مدد سے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ سجاس کے صدر طارق اسلم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سجاس کی طرح دیگر ایسوسی ایشن بھی اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے اپنی برادری کی ِخدمت کریں تو ہم صحافیوں کے دکھ اور تکالیف کافی حد تک کم ہوسکتے ہیں ۔

تعارف: newseditor