کراچی (اسپورٹس رپورٹر) گلشن اتحار کورنگی نے دلچسپ مقابلے کے بعد برما آفریدی کو 0-2سے شکست دے کر یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کا افتتاحی نمائشی میچ جیت لیا۔ آباد کے سابق وائس چیئرمین عبدالکریم آدھیا اور موجود چیئرمین آباد عبدالرحمن نے گیند کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا رسمی افتتاحی کیا ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر خالد تنولی ، میڈیا کوارڈنیٹر ، پاکستان فٹبال فیڈریشن ریاض احمد، صوبائی وزیر کھیل کے پی آر او سلیم عارف ، وسیم عالم، اجمل خٹک، جلال الدین، ناصر علی، کورنگی جیم خانہ کے صدر بخت آور، کلب آفیشلز اور شائقین کی کثیر تعداد اس موقع پر کورنگی جیم خانہ فٹبال گراؤنڈ کورنگی کی سرسبز فیلڈ پر موجود تھی۔ افتتاحی میچ میں گلشن اتحاد اور برما محمڈن کے عمدہ کھیل سے شائقین فٹبال بے حد محظوظ ہوئے۔ پانچویں منٹ میں سلیم کی ایک زور دار شوٹ کو حریف گول روکنے میں ناکام رہے اور گلشن اتحاد کو پہلے 0-1کی برتری حاصل ہوگئی ۔
25ویں منٹ گلشن اتحاد کو 0-2کی برتری حاصل ہوگئی جب اون گول اسکور ہوگیا۔ دوسرے ہاف میں بھی دلچسپ مقابلہ رہا ۔ تاہم مزید کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔ سینئر نیشنل ریفری راؤ فاروق کے معاونین محمد جمیل اورمحمد ولی تھے۔تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر مہمان خصوصی عبدالکریم آدھیا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی صحت مند سرگرمیاں کھلاڑیوں کو منفی سرگرمیوں سے محفوظ رکھتی ہیں۔ کورنگی جیم خانہ مبارکباد کی مستحق ہے کہ جس نے ان سرگرمیوں کا آغاز کرکے کھلاڑیوں کو برائیوں سے محفوظ رکھنے میں مثبت کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے آرگنائزنگ سیکریٹری وسیم عارف کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے گلشن اتحاد کے کپتان کو ونر اور برما آفریدی کے کپتان کو رنر ٹرافی پیش کی۔