حسین طلعت اور بسم اللہ خان نے بلوچستان کو یقینی شکست سے بچالیا،دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 167رنز کی شراکت

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا گیا بلوچستان اور سدرن پنجاب کے درمیان قائداعظم ٹرافی کے چھٹے رانڈ کا دلچسپ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ بلوچستان کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز حسین طلعت اور وکٹ کیپر بیٹسمین بسم اللہ خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو یقینی شکست بچالیا۔

حسین طلعت نے سنچری اور بسم اللہ خان نے نصف سنچری اسکور کی۔ محمد اصغر اور تاج ولی نے آخری وکٹ کی شراکت میں 82 گیندوں پر 30 قیمتی رنز جوڑے۔میچ کے آخری روز فالو آن کا شکار بلوچستان کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا۔ 44 کے مجموعی اسکور پر بلوچستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی،

جس کے بعد حسین طلعت اور بسم اللہ خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 239 گیندوں پر 167 رنز بنائے۔ حسین طلعت نے 136 اور بسم اللہ خان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

دونوں کھلاڑیوں کے آٹ ہوتے ہی سدرن پنجاب کے بالرز نے یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گرا کر میچ کو دلچسپ بنادیا تاہم آخری وکٹ کے لیے محمد اصغر اور تاج ولی نے بھرپور دفاعی انداز اپنالیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے

82 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 295 رنز بناکر آٹ ہوگئی۔ بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 13 اوورز میں جیت کے لیے 89 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم نے 2.3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنائے تھے کہ دونوں کپتانوں کی باہمی رضامندی سے میچ کو بے نتیجہ ختم کردیا گیا۔اس سے قبل سدرن پنجاب کے 502 رنز کے جواب میں

بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 295 رنز پر آٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔ادھر بارش کے باعث ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے دوسرے روز سندھ نے پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے

288 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ کے تیسرے اور چوتھے روز کے کھیل کا آغاز نہ ہوسکا۔ جمعرات کے روز آفیشلز نے میچ کو بے نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کیا۔

تعارف: newseditor