پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں طلبہ وطالبات کسی ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں، سپورٹس کے فروغ کے لئے اس طرح کے مزید ایونٹس بھی منعقد کریں گے
سیکرٹری سپورٹس ندیم محبوب نے کریسنٹ ماڈل سکول شادمان میں لاہور سکول سپورٹس میں شطرنج اور کراٹے کے مقابلوں میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے
لاہور(سپورٹس لنک)8نومبر 2019ء۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے کہا ہے کہ لاہور سکول سپورٹس سے کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں طلبہ وطالبات کسی ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں، سپورٹس کے فروغ کے لئے اس طرح کے مزید ایونٹس بھی منعقد کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کریسنٹ ماڈل سکول شادمان میں لاہور سکول سپورٹس کے شطرنج اور کراٹے کے مقابلوں کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر
ندیم قیصر اور دیگر بھی موجود تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے مزید کہا ہے کہ شطرنج اور کراٹے کے مقابلوں میں بہت بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں اور ماحول میسر ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، نوجوان سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں اور ملک وقوم کا نام روشن کریں۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب ندیم محبوب نے شطرنج اور کراٹے کے مقابلے بھی دیکھے اور کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔کھلاڑیوں نے ان کے ساتھ گروپ فوٹو ز بھی بنوائے۔