ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ،پاکستان نے فائنل میں بنگلہ دیش کو زیرکرلیا

میرپور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دے کر ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔میرپور بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔پاکستان نے کی جانب سے روحیل نذیر نے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ عمران رفیق 62 اور کپتان سعود شکیل 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کے دونوں اوپنرز 41 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ حیدر علی 26 اور عمیر بن یوسف 4 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر اور عمران رفیق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمران رفیق 4چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔چوتھی وکٹ کے لیے روحیل نذیر نے سعود شکیل کے ہمراہ 85 قیمتی رنز جوڑ کر میچ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔

روحیل نذیر نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان سعود شکیل 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ کی 16 گیندوں پر 27 رنزکی اننگز نے میچ میں پاکستان کا مجموعہ 300 کے پار لگادیا۔اس کے جواب میں پاکستانی کھلاڑیوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم 44 ویں اوور میں 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے 35 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ خوش دل خان اور سیف بابر نے 2، 2 اور عمر خان، امادبٹ اور سمین گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچا تھا جب کہ بنگلہ دیش نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تعارف: newseditor