کورونا وائرس، آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بارے میں کیا فیصلہ سامنے آیا؟

لاہور(سپورٹس لنک رپوٹ)کورونا سے بدلتی ہوئی صورتحال میں رواں برس اکتوبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور خواتین ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کی کوئی تجویز سامنے نہ آسکی البتہ یہ فیصلہ ہوا کہ حالات کے مطابق منصوبہ بندی میزبان ملک کی مشاورت سے کی جائے گی۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ویمنز ورلڈ کپ کی پلاننگ شیڈول کے مطابق جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔جمعرات کو آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں نے اپنے اپنے ملک میں کورونا کی صورتحال کے کرکٹ پر اثرات پر بات چیت کی۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کہ وجہ سے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا لیکن صورتحال کو مانیٹر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کرکٹ فیملی ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کریں گے لیکن اگر صورتحال خراب ہوئی تو ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کو مالی بحران کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او کیون رابرٹسن کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی شیڈول کے مطابق انعقاد پر آسٹریلوی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

2023تک کے فیوچر ٹور پروگرام اور متاثرہ سیریز کی ری شیڈولنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی سی سی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے لیگ پر فیصلہ صورتحال واضح ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ٹیلی کانفرنس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ویمن ورلڈ کپ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اکتوبر نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہوگا لیکن کورونا کی موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے حکومتی گائیڈلائنز پر بھی غور کیا جائے گا۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور حال ہی میں ملتوی اور منسوخ ہونے والی سیریز کو ری شیڈول کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے تاہم تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں ہر ماہ چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کا اجلاس ویڈیو لنک پر ہوگا۔

تعارف: newseditor