حیران کن صلاحیتوں کے مالک چودہ سالہ سید عماد علی قومی اسکریبل چیمپیئن بن گئے

کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) تفصیلات کے مطابق کورونا کی وباء کے باعث چھ ماہ سے تعطل کا شکار اسکریبل کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی میں تین روزہ گلیڈی ایٹرز پاکستان اسکریبل (ماسٹرز) چیمپیئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ایونٹ میں ملک بھر سے 44 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ آٹھ مرتبہ کے قومی چیمپیئن وسیم کھتری کو دو روز تک واضح برتری حاصل تھی اور ان کی فتح کے امکانات روشن تھے۔ بیس گیمز کے بعد عماد علی وسیم کھتری سے چار گیمز پیچھے تھے اورٹائٹل کی دوڑ سے تقریبا باہر ہوچکے تھے لیکن چودہ سالہ جونئیر ورلڈ چیمپیئن نے حیران کن کم بیک کیا

اپنے استاد وسیم کھتری کو مسلسل چار گیمز میں شکست دے کرٹائٹل لے اڑے۔ سید عماد علی نے 27 میں سے 19 گیمز جیتے اوران کی جیت کا اسپریڈ اسکور 1469 رہا۔ نویں ٹائٹل کیلئے پرعزم وسیم کھتری کو دوسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔ وسیم کھتری نے بھی 19گیمز جیتے لیکن ان کا اسپریڈ اسکور 1210 رہا۔ حماد ہادی خان نے 18 گیمز جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دفاعی چیمپیئن حشام ہادی خان ٹائٹل کے دفاع میں ناکام رہے اورچوتھے نمبر پر رہے۔ چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والے تمام سینئیر پلیئرز بشمول سابق قومی چیمپیئنز کو نوجوان پلیئرز سے مقابلے میں سخت چیلنج کا سامنا رہا۔ نوسال کے بلال اشعر تمام سینئیر پلیئرز سے آگے رہے۔ مہمان خصوصی ہارون قاسم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

تعارف: newseditor