وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی و فروغ کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں ،شاہ زمان عالم

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ نواز گوھر )انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ پاکستان کے مرکزی صدر شاہ زمان عالم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی و فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے علاوہ ثقافت کی ترقی و ترویج کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پشاور ریجنل کے مختلف اضلاع میں قائم انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ کے تنظیموں کے عہدے داروں کی تقریب حلف برداری میں کیا۔ونگ کے سینئر نائب صدر شاہد خان شنواری، مرکزی جنرل سیکرٹری جلال حیدر، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شمائلہ صدیقی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا اعزاز اور سیف اللہ،   پشاور ریجن کے صدر انجینئر سید محمود، ریجنل سیکرٹری جنرل جاوید خان، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تیمور خان،ممتاز اداکاروں، کھلاڑیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ پاکستان کے مرکزی صدر شاہ زمان عالم نے مردان اربن، مردان رورل، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، خیبر، مہمند اورصوابی کے عہدے داروں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ کھیلوں اور ثقافت کی وساطت سے ساری دنیا کو پاکستان سے امن کا پیغام بھیجا جائے یہی وجہ ہے کہ ا نصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ پاکستان کا قیام عمل میں لایا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ ونگ غیر سیاسی ونگ ہے جس میں کسی بھی دوسری سیاسی جماعت سے منسلک اداکار اور کھلاڑی بھی حصہ بن سکتے ہیں کیونکہ ان کے مطمع نظر محض کھلاڑیوں اور فنکاروں کے لئے خدمت انجام دینا ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کھیل اور فن کے شعبے سے منسلک افراد کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ملک بھر سے ملنے والی تجاویز کو وزیر اعظم عمران خان سمیت چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ تک پہنچائیں گے۔تقریب سے خطاب میں انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ پشاور ریجن کے صدر انجینئر سید محمود نے کہا کہ خیبر پختون خوا عظیم کھلاڑیوں اور فنکاروں کی سرزمین ہے جنہوں نے دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کیا

اور یہی وجہ ہے کہ سب سے پہلے اسی صوبے سے تعلق رکھنے والے عہدے داروں کے لئے تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں کھیلوں اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے تمام عہدے داروں پر زور دیا کہ کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے منشور اور آئین کے مطابق خدمات کی انجام دہی کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں تاکہ کھلاڑیوں اور فن سے وابستہ شخصیات کو سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے۔انجینئر سید محمود نے جلد ہی پشاور سمیت صوبے بھر میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کا اعلان کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ونگ کے سینئر نائب صدر شاہد خان شنواری، مرکزی جنرل سیکرٹری جلال حید راورمرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شمائلہ صدیقی نے کہا کہ انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر آئیں۔انہوں نے خیبر پختون خوا کے اداکاروں اور گلوکاروں کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔۔قبل ازیں  انصاف سپورٹس اینڈ کلچرل ونگ پشاور ریجن کے صدر انجینئر سید محمود نے مرکزی صدر شاہ زمان عالم کو روایتی کلاہ اور لنگی پہنائی۔

error: Content is protected !!