راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 272 پر آئوٹ، فہیم اشرف کی نصف سنچری، جنوبی افریقہ 106 پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی


رواولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے 272 رنز کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم ابتدا ہی میں مشکلات کا شکار ہو گئی۔جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے کیا لیکن 26 کے مجموعی اسکور پر ایلگر 15 رنز بنا کر حسن علی کا شکار ہو گئے، اگلے آنے والے بلے باز وین ڈر ڈاؤسن بھی 26 رنز پر ہی حسن علی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے روز کے اختتام پر جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر 106 رنز بنالیے۔کوئنٹن ڈی کاک 24 اور ٹمبا باووما 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے 10 منٹ قبل ہی ختم کردیاگیا۔

قبل ازیں دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 145 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کیا تو بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔بابر اعظم اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے 77 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئے، فواد عالم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور گزشتہ روز کے اسکور میں صرف تین رنز کے اضافے کے بعد باووما کی تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابر اعظم اور فواد عالم کے درمیان 123 رنز کی شراکت ہوئی۔

محمد رضوان بھی 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ حسن علی نے 8 رنز بنائے لیکن فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 8 چوکوں کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی۔حسن علی اور یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8، 8 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے، فہیم اشرف 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے انرچ نورجی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تعارف: newseditor