ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان نے کامیابیوں کی سنچری مکمل کرلی

اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم 100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں 4 وکٹوں سے شکست دی اور ساتھ ہی گرین شرٹس کی فتح کی بھی سنچری مکمل ہوگئی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی پاکستان ٹیم کو 100 ویں فتح پر مبارکباد کی ٹویٹ کی۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستان نے 164 میچز میں سے 100 میں فتح حاصل کی جبکہ 59 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے بعد سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز جیتنے والی ٹیم بھارت ہے جس نے اپنے 137 میچز میں سے 85 میچز جیتے ہوئے ہیں۔ پاکستان ٹیم نے سب سے زیادہ 24 میچز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جس میں اسے 14 میں کامیابی ملی اور 10 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسرے نمبر پر جس ٹیم کے ساتھ پاکستان نے سب سے زیادہ میچز کھیلے ہیں وہ آسٹریلیا ہے، دونوں ٹیمیں 23 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے پاکستان کو 12 مرتبہ اور آسٹریلیا کو 9 میچز میں کامیابی ملی، ایک میچ ٹائی ہوا۔

error: Content is protected !!