کھیلوں کی معروف شخصیت حاجی اشرف الصغیر ہاکی کلب کے سرپرست اعلیٰ بن گئے

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) کھیلوں کی معروف شخصیت و معروف بلڈر حاجی اشرف الصغیر ہاکی کلب کے سرپرست اعلیٰ بن گئے، مستقبل میں الصغیر ہاکی کلب سے بھرپور تعاون کا اعادہ بھی کیا، گزشتہ روز حاجی اشرف نے نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں واقع الصغیر ہاکی کلب اینڈ اکیڈمی کا دورہ کیا انکے ہمراہ کے ڈی اے کے ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی اور سینئر اسپورٹس رپورٹر انیس الرحمن بھی تھے مہمانوں کا الصغیر ہاکی کلب کے روح رواں و صدر سید صغیر حسین اور سیکریٹری عظمت پاشا نے بھرپور استقبال کیا، کلب کی جانب سے حاجی اشرف کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی جبکہ ہاکی اسٹیک تحفتاً پیش کی گئی،

الصغیر ہاکی کلب کے سرپرست اعلیٰ کا اکیڈمی کے جونیئرز، سینئرز اور ویٹرنز کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا، کھلاڑیوں سے خطاب میں حاجی اشرف نے کہا کہ آج انہیں ہاکی کے میدان میں اتنی بڑی تعداد میں کھلاڑی دیکھ کر جو خوشی ہو رہی ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے، ننھے بچوں کا قومی کھیل سے لگائو، نظم و ضبط اور جوش مثالی ہے اگر انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ کھلاڑی بڑے ہوکر پھر سے ہاکی میں اپنا مقام بناسکتے ہیں، حاجی اشرف نے کہا کہ وہ بحیثت سرپرست اعلیٰ الصغیر ہاکی کلب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کرادار ادا کرینگے. کلب کے سیکریٹری عظمت پاشا نے کلب کی جانب سے مہمان خاص کا شکریہ ادا کیا، بعدازاں سرپرست اعلیٰ نے ہاکی گرائونڈ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، انہوں نے گرائونڈ کی بہتری کے حوالے سے تجاویز بھی دیں اور مستقبل گرائونڈ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کا عزم بھی کیا.

تعارف: newseditor