کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 61واں اجلاس ہفتے کے روز کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں زیرِ بحث معاملات کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہے:
چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز
پی سی بی کے آئین 2019 کی شق 16 کے تحت بی او جی نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےلیے فرسٹ بورڈز کی منظوری دے دی ہے۔فرسٹ بورڈز کی منظوری ایک سالہ مدت کے لیے دی گئی ہے۔
اس مدت کے دوران، یہ فرسٹ بورڈز ماڈل آئین برائے سٹی کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشنز میں منیجمنٹ کمیٹیز کو سونپی جانی والی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اس میں روز مرہ کے معاملات چلانے اور کرکٹ کلبز کی رجسٹریشن کے ابتدائی عمل کی نگرانی کرنا بھی شامل ہے، ان ذمہ داریوں میں کرکٹ ایونٹس کا انعقاد بھی شامل ہے۔
ہر فرسٹ بورڈ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ان اعلیٰ پائے کے افراد کو شامل کیا گیا ہے کہ جن سے پی سی بی کو یقین ہے کہ وہ منتخب شدہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو بروقت اور بآسانی اختیارات منتقل کردیں گے۔
بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن:
قاسم خان جمالی (چیئرمین)، عرفان احمد اعوان، منور خان ترین، مراد اسماعیل، نرگس حمید اللہ، شاہ دوست، سید فرید الدین اور ظفر اللہ جدگال۔
سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن:
عبداللہ خان سنبل (چیئرمین)، احمد علی جان، عامر الیاس بٹ، ارشد احمد خان، عاطف نعیم رانا، بابر الطاف بٹ، شاہ ریز عبداللہ روکھڑی، محمد عمر اور سرفراز احمد باجوہ۔
خیبر پختون خواہ کرکٹ ایسوسی ایشن:
انور زیب جان (چیئرمین)، عامر نواب، عبدالجلیل خان، فیاض علی شاہ، حارث بلال آفریدی، اخلاق احمد خان، کبیر احمد خان، محمد جاوید آفریدی، روزامین خان اور شاہد خان شنواری۔
ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن:
سلیم اصغر میاں (چیئرمین)، عبدالسمیع، آصف فریدی، محمد ایاز بٹ، ندیم احمد عباسی، کرنل ریٹائرڈ نوشاد علی، راجہ ایم ضیاء اشرف اور تنویر احمد۔
سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن:
عمران حسین (چیئرمین)، عبدالرقیب، آفتاب بلوچ، آغا جاوید احمد، ہدیل عبید، جمیل اے مغل، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید ضیاء اور سید فاروق حسین شاہ۔
سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن:
محمد انیس خواجہ (چیئرمین)، علی خان ترین، حسن حسین قریشی، خالد فاروق، شاہد احمد بٹ اور تیمور الطاف ملک۔
کلب رجسٹریشنز اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایونٹس:
بی او جی کو بتایا گیا کہ پاکستان بھر میں کلبز کی رجسٹریشن آئندہ ماہ کے آغاز سے شروع ہوجائے گی، جس کی تمام تر تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی تاہم رجسٹریشن کے اس عمل میں صرف کلبز کے صدور کو ہی رجسٹریشن کرانے کی اجازت ہوگی، اس حوالے سے تمام تر معلومات کی تصدیق اور جانچ پڑتال کے لیے تمام متعلقہ ڈیٹا فرسٹ بورڈز کو منتقل کیا جائے گا۔
جو کلب سال 18-2017 اور 19-2018 میں فضل محمود کلب ٹورنامنٹس میں شرکت کرچکا ہوگا، اسے ووٹنگ کا حق دیا جائے گا۔ ایسے کلب جنہوں نے ان مندرجہ بالا ایونٹ میں شرکت نہیں کی اور وہ اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا نہیں اترتےانہیں ووٹنگ رائٹس دوسری سکروٹنی کے بعد ملیں گے تاہم پلیئنگ رائٹس تمام کلبز کے پاس ہوں گے۔
بی او جی نے الیکشن کے ضابطے اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بائی لاز میں مجوزہ تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔
بی او جی کو بتایا گیا کہ مئی کے آخر سے شروع ہونے والے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹورنامنٹس کے انعقاد میں پی سی بی تمام متعلقہ فرسٹ بورڈز کی معاونت کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹس ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے ٹیموں کی تیاری میں مدددیں گے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کی رپورٹس:
چیئرمین نے بی او جی کو انٹرنیشنل معاملات، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے بی او جی کو کرکٹ سے متعلق معاملات پر بریفنگ دی، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ، ہائی پرفار منس کے ایونٹس اور ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ 2021 شامل تھے۔
بی او جی نے دورہ نیوزی لینڈ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں عمدہ کارکردگی کو سراہا۔ بورڈ آف گورنرز نے کورونا وائرس کی وباء کے باوجود ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے کامیاب انعقاد پر شعبہ ہائی پرفارمنس کو مبارکباد پیش کی۔ سیزن میں کُل 9 ایونٹس میں 220 میچز کھیلے گئے۔
بی او جی کو بتایا گیا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ مکمل کرنے کے بعد زمبابوے پہنچی تاہم وہاں فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے نیشنل ویمنز ٹیم کو دورہ زمبابوے جلد ختم کرکے وطن واپس لوٹنا پڑا۔
بی او جی کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 پر بھی اپ ڈیٹ دی گئی کہ وہاں توقعات کے مطابق مسابقتی کرکٹ اور سنسنی خیز میچز جاری ہیں۔