ہرارے(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور اوپنر عابد علی کی شان دار سنچریوں کی بدولت شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام پر 4وکٹ پر 268 رنز بنا لیے ہیں۔ ہرارے میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر عمران بٹ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے میچ میں عمدہ بلے بازی کرنے والے عمران بٹ ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 2 رنز بنا کر 12 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد عابد علی کا ساتھ دینے اظہر علی کریز پر آئے اور دونوں کے درمیان 236 رنز کی شان دار شراکت قائم ہوئی۔
اظہر علی نے اپنے کیریئر کی 18 ویں سنچری مکمل کی۔ اوپنر عابد علی نے بھی 16 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی جس کے بعد زمبابوے کے مزاربانی نے 126 رنز پر کھیلنے والے اظہر علی کو آؤٹ کرکے پاکستان کو 248 کے مجموعے پر دوسرا نقصان پہنچایا۔
کپتان بابر اعظم اور فواد عالم بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور بالترتیب 2 اور 5 رنز بنا کر مزاربانی کا شکار بنے۔ پاکستان نے ہرارے ٹیسٹ کے پہلے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے ہیں۔ عابد علی 118 اور ساجد خان ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود ہیں قبل ازیں پاکستان کی طرف سے تابش خان اور زمبابوے کے لیوک جونگوے نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔