لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 26 خواتین کرکٹرز پر مشتمل نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ 29 مئی سے ملتان میں شروع ہوگا۔
خواتین کھلاڑیوں کی اسکلز اور فٹنس میں بہتری لانےکی غرض سے لگایا جانے والا یہ 25 روزہ کیمپ 22 جون تک انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹر ملتان میں جاری رہے گا۔اس دوران قومی خواتین کرکٹرز 7 پریکٹس میچز بھی کھیلیں گی۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کیمپ کی نگرانی کریں گے۔
نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کے انعقاد کا مقصد رواں سال آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ سے قبل قومی خواتین کرکٹرز کو تیاری کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے۔
پی سی بی کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت یہ کیمپ بھی بائیو سیکیور ماحول میں جاری رہے گا۔ کیمپ کے شرکاء کی پری آرائیول کوویڈ 19 ٹیسٹنگ آج کی جائے گی۔ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں تمام افراد نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں اکھٹےہوں گے، جہاں سے وہ بذیعہ روڈ ملتان روانہ ہوں گے۔
ملتان پہنچنے پر ان تمام افراد کی دوبارہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کرکے انہیں آئسولیشن میں بھیج دیا جائے گا، جن افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی انہیں 31 مئی سے شروع ہونے والے ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی اجازت ہوگی۔
4 جون کو کی جانے والی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے رزلٹ نیگٹیو آنے پر تمام افراد کو ایک گروپ میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
کیمپ میں طلب کردہ خواتین کرکٹرز:
عالیہ ریاض ، ایمن انور ، انعم امین ، عائشہ نسیم ، عائشہ ظفر ، ڈیانا بیگ ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید ، جویریہ خان ، جویریہ رؤف ، کائنات امتیاز ، کائنات حفیظ ، ماہم طارق ، منیبہ علی ، ناہیدہ خان ، نجیہ علوی ، نشرہ سندھو ، نتالیہ پرویز ، ندا ڈار ، عمیمہ سہیل ، رامین شمیم ، صبا ءنذیر ، سعدیہ اقبال ، سدرہ امین ، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ
عروج ممتاز، چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ پی سی بی رواں سال شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور آئندہ سال شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ سے قبل قومی خواتین کھلاڑیوں کو تیاری کے بھرپور مواقع فراہم کرنا چاہتا ہے۔
عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ اس سے قبل یہ خواتین کرکٹرز اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی غرض سے کراچی میں ایک ماہ تک جاری رہنے والے کیمپ میں بھی شرکت کرچکی ہیں، پرامید ہوں کہ ڈیوڈ ہیمپ کی زیرنگرانی کراچی میں جاری رہنے والے کیمپ کے بعد اب ملتان میں خواتین کھلاڑیوں کی فٹنس اور اسکلز کے معیار میں اضافہ ہوگا۔