اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل انڈر 23 فٹ بال چمپئن شپ شیڈول کے مطابق 4جولائی(کل) اتوار سے ایبٹ آباد کے کنچ فٹبال ہائوس گرائونڈ ایبٹ آباد میں شروع ہوگی۔ جس کی تیاریاں زور و شور پر ہیں گذشتہ روز پی ایف ایف کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلز کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے بتایا کہ فٹ بال ٹورنامنٹ کو روکنے والے عناصر ملک میں فٹ بال کی ترقی کے مفاد میں نہیں ہیں اور ٹورنامنٹ روکنے کے لئے ان عناصر کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کی سول عدالت نے خیبر پختونخوا کی سابق نارملایزیشن کمیٹی کے رکن سعید خان کی جانب سے دائر پیٹیشن کو مسترد کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو چیمپیئن شپ منعقد کرنے کی اجازت دے دی۔ صدر فیڈریشن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فٹ بال کو اس طرح کی سیاست نے پہلے ہی زبوں حالی تک پہنچا دیا ہے لیکن فٹبالرز کو میدان میں لانے اور انہیں فٹ بال کھیل پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کی ہماری کوششوں کو جس طرح سبوتاژ کرنے کی حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے اس سے ان عناصر کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی فٹ بال ترقی کے لئے کام کرتے رہے ہیں اور اب بھی کرتے رہیں گے اور ہماری کوشش ہے کہ فٹ بال میں پہلے سے بہتری آئے۔ سید اشفاق حسین شاہ نے کہا کہ نیشنل انڈر 23فٹ بال چیمپئن شپ میں ملک بھر سے بارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے دو، دو ٹیمیں جبکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور فاٹا سے ایک، ایک ٹیم کو شامل گیاہے اور چیمپیئن شپ میں شرکت کے لئے ٹیمیں اپنے اپنے شہروں سے ایبٹ آباد کے لئے روانہ ہوچکی ہیں۔