پہلی بلاول بھٹو زرداری انٹر اسکول کھوکھو چیمپئن شپ کا آغاز

یڈم ناہیدہ نے ایونٹ کا افتتاح کیا ،کھو کھو گراس روٹ لیول پر مقبول ہے،شبیر احمد
فائنل کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی ہونگے ،ڈاکٹر عارف حفیظ
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ابو ریحان اسپورٹس کے زیر اہتمام اور محکمہ کھیل حکومت سندھ ، پاکستان کھو کھو فیڈریشن ،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ،سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن اور ویمن اسپورٹس کمپلیکس کراچی کے تعاون سے پہلی بلاول بھٹو زرداری گرلز انٹر اسکولز کھو کھو چیمپئن شپ ویمن اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال کراچی میں منعقد کی گئی ۔ ایونٹ میں کراچی کے معروف 12اسکولز نے شرکت کی جن میں کراچی گرامر اسکول ،گریس فل گرامر ہائی اسکول ،سندھ ماڈل اسکول ،دی کنٹری اسکول،پی ٹی ای اکیڈمی ،ٹرو کئیر اکیڈمی ،پریمئیر پبلک اسکول،لٹل اسکالر گرامر اسکول،عائشہ اسکول،المصطفیٰ اکیڈمی ،ٹی بی سی فاءونڈٖیشن اسکول ،دی کڈز اکیڈمی اور رائل سٹی اسکول سسٹم شامل تھے ۔ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کر کے میچز کا انعقاد کیا گیا ۔ چیمپئن شپ کا افتتاح ڈائرکٹر ویمن اسپورٹس کمپلیکس میڈم ناہیدہ نے کیا ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن نے گرلز کھو کھو چیمپئن شپ یہاں منعقدکی ۔ ہمارا مکمل تعاون مستقبل میں بھی سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے ساتھ رہے گا ،کھیلوں کے لئے ہمارا کمپلیکس سب کے لئے حاضر ہے ۔ پاکستان کھو کھو فیڈریشن کے سیکریٹری شبیر احمد نے کہا کہ پاکستان میں کھو کھو کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جسے گروم کرنے کی ضرورت ہے ۔ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عارف حفیظ ،شہروز علوی،عارف وحید خان اور دیگر منتظمین کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے شاندار ایونٹ کا انعقاد کیا ۔ ا ن کا کہنا تھا کہ کھو کھو کا کھیل ساءوتھ ایشین گیمز میں شامل ہے جو کہ2023 میں اسلام آباد میں ہونگے ،پاکستان کی ٹیم بھی اس میں شرکت کرے گی ۔ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عارف حفیظ نے کہا کہ ہماری خواہش اور وژن ہے کہ ہم کھو کھو کے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد کریں اور بچوں کو کھو کھو کھیلنے کے زیادہ مواقع فراہم کریں ۔ میں آرگنائزنگ سیکریٹری شہروز علوی اور ان کی پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے انتہائی محنت سے کامیاب ایونٹ کا انعقاد کیا ۔ سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے چیئر مین عارف وحید نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی کھیل کے فروغ اور اسے مقبول بنانے میں اسکولز بہترین پلیٹ فارم ہوتا ہے ،سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کا یہ اقدام اس کھیل کو گراس روٹ لیول پر فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگا ۔ آرگنائزنگ سیکریٹری شہروز علوی نے ایونٹ میں شرکت کرنے والے اسکولز اور ان کے کوچز و منیجرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم وقت میں ایونٹ کے لئے بھر پور تیاری کی ہے جس سے ان کی کھو کھو کے کھیل سے لگن کا بھی اظہار ہوتا ہے ۔ اس موقع پر سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد سلیم نے کہا کہ بہت جلد بوائز کی بھی چیمپئن شپ منعقدکی جائے گی جس کے لئے اسکولز تیاری شروع کر دیں ۔ ڈاکٹر محمد عارف حفیظ کا کہنا تھا کہ فائنل کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی ہونگے ۔

تعارف: News Editor