فخر زمان نے شاندار سنچری داغ کر تن تنہا کراچی کنگز کو شکست سے دوچار کردیا

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے فخرزمان کی لاجواب سنچری کی بدولت میزبان کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 171 رنز کا ہدف چار گیندیں قبل حاصل کرلیا۔

ایڈیشن 2020 کی فاتح کراچی کنگز کی یہ ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست ہے۔ کراچی کنگز اب تک ٹورنامنٹ میں کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے دوسرےاینڈ سے قابل قدر اسپورٹ نہ ملنے کے باوجودشاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔32 گیندوں پر نصف سنچری بنانے والے فخر زمان نے 56 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ان کی پہلی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں دوسری سنچری ہے۔ ان کی 60 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

اس د وران عبداللہ شفیق 8، کامران غلام 6 اور محمد حفیظ 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئےجبکہ سمت پٹیل 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کے عمید آصف نے دو جبکہ محمد نبی اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز نے شرجیل خان اور بابراعظم کی 84 رنز کی ابتدائی شراکت کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 170 کا مجموعہ سجایا۔

شرجیل خان نے 39 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان بابراعظم نے 33 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 5 چوکےشامل تھے۔ تیسرے اور چوتھے نمبر پر میدان میں اترنے والے محمد نبی اور جوئے کلارک نے بالترتیب 15 اور ناٹ آؤٹ 24 رنز بنائے ۔

ان چار بیٹرز کے علاوہ کراچی کنگز کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد حفیظ، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی اور زمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تعارف: newseditor