انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائیڈ ٹیموں کی تصدیق کردی۔
آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026کیلئے کوالیفائی کرنے والی 12 ٹیموں کی تصدیق کردی ہے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کےسپر ایٹ مرحلے کی ٹیموں نے 2026کیلئے براہ راست کوالیفائی کیا۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں پاکستان بھی شامل ہے، پاکستان نے ٹی 20 فارمیٹ میں بہتر رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈ کپ 2026 کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان رواں برس ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں نہیں پہنچ سکا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا سمیت دیگر فورمز پر غلط افواہیں پھیلائی جارہی تھیں کہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کو کوالیفائر میچز کھیلنا پڑیں گے۔
آئی سی سی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لئے ٹوٹل 12 ٹیموں نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے، میزبان سری لنکا اور بھارت کے علاوہ افغانستان نے بھی کوالیفائی کر لیا،
دیگر ٹیموں میں آسٹریلیا، جنوبی افریقا، بنگلادیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، امریکا، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ٹوٹل 20 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جبکہ باقی 8 ٹیموں کا انتخاب گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی طرح ریجنل کوالیفائر زکے ذریعے ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فارمیٹ پر ہی کھیلا جائے گا جس میں 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں رکھا جائے گا اور 8 ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
واضح رہے کہ 2026 میں بھارت آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ ٹرافی کا دفاع کرے گا۔