کے ڈی اے اسپورٹس نے پہلا شہید عثمان غنی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا،”
سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ جلال الدین مہر اور ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے انعامات تقسیم کئے ۔”
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) الکرم اسپورٹس کے زیر اہتمام اور محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون سے منعقدہ پہلے شہید عثمان غنی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں کے ڈی اے اسپورٹس نے ابو ریحان کرکٹ کلب کو 104 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی جنکے والد شہید عثمان غنی کے نام سے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا انہیں فائنل میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنا تھی لیکن وہ کچھ ایمرجنسی مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے
لیکن انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں سب سے پہلے الکرم اسپورٹس کے سیکریٹری عارف حفیظ اور آرگنائزنگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں
جنکی انتھک محنت اور منصوبہ بندی سے یہ ٹورنامنٹ انتہائی کامیابی سے ہم کنار ہوا اور بہت معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملی۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے تو ہمیں اسپورٹس کو آگے بڑھانا ہوگا اور انکی سرپرستی کرنی ہوگی۔
بعد ازاں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سندھ جلال الدین مہر اور لیجنڈری ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جلال الدین مہر نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ،
کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے ہارنے والی ٹیم زیادہ مبارکباد کی مستحق ہے مایوس نہیں ہونا چاہئے بلکہ پہلے سے زیادہ جوش اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے اور کہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں
تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو اسپورٹس کی طرف راغب کرنا ایک مثبت عمل ہے۔ ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ میں کے ڈی اے کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ایسے ٹورنامنٹ مستقل طور پر ہوتے رہنا چاہئیں
تاکہ کھلاڑیوں کو فائدہ ہو اور کلب کرکٹ کو فروغ حاصل ہو ۔ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن بتول کاظم نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی کے صدر محمد اقبال ساند، آصف خان کنوینر ڈسٹرکٹ ایسٹ ، سرور خان غازی ممبر ڈسٹرکٹ ایسٹ ،
آر سی اے کے زون ایک کے سیکریٹری عارف وحید خان ، ڈائریکٹر اسپورٹس کراچی یونیورسٹی راشد قریشی ، ابراہیم شیخ ، حاجی رضا خان ،ایاز منشی ، ریاض بلوچ، پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اصغر عظیم ،
شہروز علوی ، محمد رضوان اور دیگر بھی موجود تھے ۔قبل ازیں این ای ڈی یونیورسٹی گراؤنڈ پر کھیلے گئے فائنل میں کے ڈی اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے ۔
گلزار علی نے 88، سیف اللہ بنگش نے 48 اور فرحان شاہ نے 32 رنز بنائے ۔ اورنگزیب احمد نے 4 جبکہ سمیر عالم نے 2 وکٹیں حاصل کیں ۔
جواب میں ابو ریحان کرکٹ کلب 19.3 اوورز میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ اورنگزیب احمد نے 30 اور عائش ملک نے 27 رنز بنائے ۔ فرحان شاہ نے 3 اور محمد عمر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔